صیہونی آبادکاروں کا مسجد اقصیٰ پر دھاوا، حالات کشیدہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) صیہونی آباد کاروں کی جانب سے عبادت کے علاقے باب الرحمہ پر دھاوا بولنے کے بعد مسجد اقصیٰ میں حالات کشیدہ ہوگئے۔ اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 19 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
عینی شاہدین نے کہا کہ صیہونی آباد کاروں کے گروہ پولیس کی حفاظت میں نسل پرستانہ نعرے لگاتے ہوئے مسجد اقصیٰ میں عبادت کے علاقے باب الرحمہ میں داخل ہوئے۔
اسی دوران اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ کے محافظ ایحاب ابو غزالہ کو آباد کاروں کے مسجد میں داخل ہونے کی ویڈیو بنانے کے جرم کی سزا کے طور پر مسجد اقصیٰ سے ایک دن کے دور رہنے کا حکم دیا ۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 19 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے تلاشی کی کارروائیوں کےدوران شہریوں کے گھروں میں گھس کر توڑپھوڑ اور لوٹ مارکی۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 30 اکتوبربدھ کے روز غرب اردن اور القدس سے اشتہاری قرار دیے گئے فلسطینیوں سمیت 19 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان میں بعض فلسطینی اسرائیلی فوج کو مزاحمتی سرگرمیوں میں پہلے بھی مطلوب تھے۔
رپورٹ کے مطابق الخلیل شہر سے پانچ فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں سابق اسیران بھی شامل ہیں۔ ان کی شناخت فادی ابراہیم شاھین، اس کے دو بھائی شادی اور نور کے ناموں سے کی گئی ہے۔
بیت لحم سے اسرائیلی فوج نے 42 سالہ خلیل قاسم الشیخ، 18 سالہ قاسم طالب الشیخ اور شمال میں العزہ پناہ گزین کیمپ سے 20 سالہ نادر شبلی العزہ کو حراست میں لیا گیا۔
رام اللہ کے شمال میں ایک کارروائی کے دوران سابق اسیر محمد عیسیٰ حسین، دیر ابو مشعل سے مصطفیٰ تیسیر، سنجل سے ربیع ابو نواس، بیت المقدس میں تلاشی کے دوران عناتا کے مقام سے یزن ابراہیم مرار، طارق عیسیٰ علی حسین، موسیٰ علی حسین اور سعید مصطفیٰ داؤد کو حراست میں لیا گیا۔