کے الیکٹرک کراچی میں غنڈہ گردی اور اجارہ داری کی علامت بن چکا ہے۔
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادارہ) : مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کراچی میں اجارہ داری اور غنڈہ گردی کی علامت بن چکا ہے، عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کی بجائے آئے روز ایک نئی مشکل میں ڈال دیا جاتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ کانفرنس میں کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، میر تقی ظفر، زین رضوی، سبط اصغر، احسن عباس، حسن رضا سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، کے الیکٹرک نے شہر 550 میگا واٹ کا شاٹ فالٹ بتاکر عوام کو بے وقوف بنایا ہے اور شہر کی عوام سے کھربوں روپے کمائے ہیں، قومی احتساب بیورو اس کی تحقیقات کرے۔
رہنماؤں نے کہا کہ وزارت توانائی، بجلی کے اس بحران کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو ٹھہراتی ہے جبکہ کے الیکٹرک اپنے ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے فرنس آئل کی کمی کو بنیاد بتا کر پوری صفائی سے خود کو بری الذمہ قرار دے دیتے ہیں، عوام کی سمجھ سے بالاتر ہے کہ وہ اپنے مدعا کس کے سامنے پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے کے الیکٹرک ایک خود سر ادارہ ہے جو حکومت سمیت کسی کا بھی حکم ماننے کو تیار نہیں، عوام کو ایک ایسے منہ زور مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جو جب دل چاہے بجلی بند کردے اور جتنی رقم چاہے عوام کے بلوں میں ڈال دے اسے کوئی پوچھنے والا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے کے الیکٹرک کراچی کو لگام نہ دی تو پھر عوام گھروں سے باہر نکل کر احتجاجی مظاہروں سمیت تمام قانونی و آئینی آپشنز کو استعمال کرنے میں حق بجانب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کراچی اپنے نظام کو اپ گریڈ کرے تاکہ بجلی کی طلب و رسد میں توازن پیدا کیا جا سکے، اس ادارے کو چاہیئے کہ وہ اپنی ملازمین کی اخلاقی تربیت پر زور دیتے ہوئے انہیں یہ باور کرائیں کہ ان کا کام عوام کی خدمت کرنا ہے، اپنے کردار و عمل سے یہ ثابت کرنے کی کوشش ہرگز نہ کی جائے کہ کے الیکٹرک عوام پر اللہ تعالیٰ کا عذاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی غیر ضروری لچک نے کے الیکٹرک کے من مانی کرنے والے افسران کے حوصلے بلند کر رکھے ہیں، یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ صوبائی حکومت کی کون سی دکھتی رگ کے الیکٹرک کے ہاتھ میں ہے جس کی وجہ سے حکومت نے کے الیکٹرک کی زیادتیوں کے باوجود خود پر خاموشی طاری کر رکھی ہے، وفاقی اور صوبائی اگر عوامی مسائل کو اسی طرح نظر انداز کرتی رہیں تو پھر ملک بھر کے عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پر ہوں گے، ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکٹرک کی ناانصافیوں کے خلاف سختی سے نوٹس لیتے ہوئے عوامی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت میں موجود کالی بھیڑیں چینی بحران سمیت پیٹرول بحران میں ملوث ہیں، حالیہ پیڑول کی قیمتوں میں رات و رات اضافہ کرکے عوام پر پیڑول بم گرایا، دوسری جانب کے الیکٹرک کو فرنس آئل کی فراہمی کی مد میں کھربوں روپے منافع پہنچایا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ اس مافیا کو وفاقی و صوبائی حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے، ان کالی بھیڑوں کو آشکار کیا جائے، کے الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف نیب انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں، گزشتہ سالوں میں کے الیکٹرک کی لاپرواہی سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ کو عدالتی فیصلے کے باوجود انصاف نہ نہیں ملا، کے الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے، نااہل انتظامیہ کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کیا جائے۔