مشرق وسطی

امریکہ کو اب خوابوں کی دنیا سے باہرآ جانا چاہئیے: ایران

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ اگر امریکہ، ایران کے خلاف سلامتی کونسل کی پابندیوں کو دوبارہ بحال کرنے کے درپے ہے تو یہ صرف اس کی خام خیالی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مائک پومپئو اس کوشش میں ہیں کہ ایران کے خلاف سلامتی کونسل کی پابندیوں کو واپس پلٹا دیا جائے جبکہ یہ صرف ان کی خام خیالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے سربراہ سمیت تیرہ رکن ممالک یہ واضح کر چکے ہیں کہ امریکہ اب جامع ایٹمی معاہدے کا رکن نہیں ہے اس لئے قرار داد بائیس اکتیس کو استعمال کرتے ہوئے وہ ایران کے خلاف کسی اقدام کی پوزیشن میں نہیں ہے اور وہ اس حوالے سے اپنی قانونی حیثیت کھو چکا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائک پومپئو نے جمعرات کے روز سلامتی کونسل میں وائٹ ہاؤس کی ایران مخالف قرارداد مسترد ہو جانے کے باوجود ایک ٹوئیٹ میں یہ دعوی کیا کہ گرین وچ ٹائم زون کے مطابق بیس ستمبر کی آدھی رات کے بعد سے ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی پابندیاں بحال ہو جائیں گی۔ پومپئو نے لکھا کہ امریکہ نے سلامتی کونسل میں ناکامی کے بعد ہتھیارون سے متعلق ایران پر عائد پابندیوں میں توسیع کے لئے اسنیپ بیک میکینزم کو فعال کر دیا ہے اور اس بنا پر اقوام متحدہ کی تمام پابندیاں دوبارہ ایران پر عائد کر دی جائیں گی۔

قابل ذکر ہے کہ اسنیپ بیک میکینزم کو استعمال کرنے کا حق قانونی طور پر جامع ایٹمی معاہدے کے فریق ممالک کو ہی حاصل ہے اور امریکہ چونکہ خودسرانہ طور پر اس بین الاقوامی معاہدے کو مئی دوہزار اٹھارہ میں خیرباد کہہ چکا ہے، اس لئے وہ اس کے استعمال کا حق نہیں رکھتا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر امریکہ کے اس اقدام کی مخالفت کا اعلان کیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button