مشرق وسطی

اسرائیلی قتل عام کو روکنے سے بڑی کوئی ترجیح نہیں، لبنانی وزیر اعظم

شیعہ نیوز: لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے ہفتے کے روز اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل کے قتل عام اور اس کی شروع کردہ جنگوں کو روکنے سے بڑی کوئی ترجیح نہیں ہے۔ فارس نیوز کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ میں بین الاقوامی برادری اور انسانی ضمیر سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ اسرائیل کے وحشیانہ قتل عام کے خلاف واضح موقف اختیار کریں۔ میقاتی نے کہا کہ اسرائیل کی لبنان پر جارحیت کے پیش نظر، میں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت منسوخ کر دی ہے۔

یہ بیانات اس وقت سامنے آئے ہیں جب المیادین چینل نے رپورٹ کیا کہ بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ پر اسرائیلی حملے میں شہدا کی تعداد 19 تک پہنچ گئی ہے، اور تقریباً 20 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ المیادین نے مزید بتایا کہ کل ایک عمارت پر اسرائیلی جنگی طیاروں کے حملے کے بعد، ملبے کے نیچے سے ایک چار افراد پر مشتمل خاندان کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ المیادین کے رپورٹر نے مزید مشینری کے استعمال کی اطلاع دی تاکہ ملبے کو ہٹانے اور اس چار منزلہ عمارت میں لاپتہ افراد کو تلاش کرنے میں مدد مل سکے۔

اس سے قبل، حزب اللہ نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں کے حملے میں 16 حزب اللہ جنگجو شہید ہو چکے ہیں۔ شہدا میں حزب اللہ کے ایک اعلیٰ فوجی کمانڈر، ابراہیم عقیل المعروف "حاج تحسین” بھی شامل ہیں۔ انہیں فواد شکر کی شہادت کے بعد حزب اللہ میں دوسرے نمبر کے رہنما کے طور پر یاد کیا جاتا تھا، اور وہ حزب اللہ کی ایلیٹ فورس "رضوان فورس” اور اس کے خصوصی فوجی آپریشنز کے سربراہ تھے۔

ابراہیم عقیل، فواد شکر کے نائب اول تھے، جو حزب اللہ کے عسکری ونگ کے کمانڈر تھے، اور شہادت سے قبل انہیں "حاج عبدالقادر” کے لقب سے بھی جانا جاتا تھا۔ وہ حزب اللہ کی جهادی کونسل کے رکن تھے، جس کے 8 ارکان ہیں، اور فواد شکر بھی اس کونسل کے رکن تھے، جو 30 جولائی کو ضاحیہ میں اسرائیلی میزائل حملے میں شہید ہوئے تھے۔

7 اکتوبر 2023 کو آپریشن طوفان الاقصیٰ کے آغاز اور 8 اکتوبر کو حزب اللہ کے فلسطینی مزاحمت کی حمایت میں شامل ہونے کے بعد سے، اسرائیل کا شمالی علاقہ اس حکومت اور حزب اللہ کے درمیان تصادم کے سب سے اہم محاذوں میں سے ایک بن چکا ہے۔ یہ محاذ شام اور لبنان کی سرحدوں کے ساتھ پھیلا ہوا ہے، اور اس کے تصادم مقبوضہ جولان کی بلندیوں اور نیلی لائن کے دونوں طرف الجلیل کے مقبوضہ علاقے اور جنوبی لبنان میں مرکوز ہیں۔

شمالی محاذ اسرائیل کے لیے بہت زیادہ تزویراتی اہمیت رکھتا ہے اور اس کا اثر اسرائیل کے موجودہ حقائق اور اس کے مستقبل پر تمام شعبوں میں، بشمول سیکیورٹی، فوجی، سیاسی، اقتصادی، اور آبادی کے لحاظ سے پڑتا ہے۔ یہ ایک سرحدی علاقہ ہے جس کی تقریباً 120 کلومیٹر لمبی مشترکہ سرحدیں ہیں، اور اسرائیل کے پہلے دشمن ممالک سے متصل ہے۔ سرحد کے اس پار اسرائیل کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں حزب اللہ، جنوبی لبنان میں پناہ گزین کیمپوں میں موجود فلسطینی مزاحمتی گروہ، شامی حکومت اور وہاں موجود فلسطینی مزاحمتی گروہ شامل ہیں۔

دوسری جانب، اسرائیلی میڈیا نے بتایا ہے کہ حیفہ کے جنوبی علاقے الخضیرہ سے لے کر لبنان کی سرحد تک اسرائیلی فضائی حدود کو بند کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل حزب اللہ نے منگل اور بدھ کے روز ریڈیو کمیونیکیشنز کے آلات کی تباہی کے بعد اسرائیلی فوجی اہداف پر 200 سے زیادہ راکٹ اور ڈرون داغے تھے۔ اس کے علاوہ، کل کے دن صہیونی فوج کی طرف سے بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ میں ایک عمارت پر بمباری کے بعد، جس میں حزب اللہ کے اعلیٰ کمانڈر ابراہیم عقیل اور 15 دیگر افراد شہید ہو گئے، لبنان اور مقبوضہ فلسطین کی سرحدوں پر کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button