طالبان کے خلاف کارروائی کا وقت آ گیا ہے: رانا ثنااللہ
شیعہ نیوز (لاہور) صوبہ پنجاب کے وزیرِ قانون رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ طالبان کے خلاف کارروائی کا وقت آ گیا ہے اور پاکستان ہنگامی بنیادوں پر شدت پسند کارروائیوں میں اضافے کو روکنے پر مجبور ہے۔ برطانوی اخبار دی گارڈیئن کودئے گئے انٹرویو میں انھوں نے کہا شدت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے لیکن یہ فیصلہ فوج کرے گی کہ کس قسم کا آپریشن کیا جائے۔
رانا ثنااللہ نے امریکی ڈرون حملوں کا بھی دفاع کیا۔ انھوں نے کہا کہ’ ڈرون حملوں سے دہشت گردوں کو نقصان پہنچا ہے۔‘ انھوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ڈرون حملوں پر جان بوجھ کر شور مچایا جا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ’پسِ پردہ سب کو معلوم ہے کہ ڈرون حملے فائدہ مند ہیں لیکن باہر سب اس کی مذمت کرتے ہیں کیونکہ ڈرونز امریکی ہیں۔‘ انھوں نے حکومت کی طرف سے شدت پسندی پر قابو پانے کے لیے متنازع تحفظ پاکستان آرڈیننس کی جو گذشتہ ہفتے جاری ہوا تھا، بھی دفاع کیا۔ اس قانون کو حزبِ اختلاف کے بعض سیاسی رہنما ظالمانہ قانون سمجھتے ہیں جو ملک کو ایک ’پولیس کی ریاست‘ میں تبدیل کر دے گا۔
اس قانون کے تحت پولیس کو بغیر وارنٹ کے چھاپے اور مشتبہ افراد کو تین مہینے تک حراست میں بغیر کسی الزام کے رکھنے کی اجازت ہے۔ پنجاب کے وزیرِ قانون اور حکمران جماعت کے اہم رکن رانا ثنااللہ نے کہا کہ’اس قانون کو 10 سال پہلے بننا چاہیے تھا۔ اگر اس کا 5 فیصد بھی غلط استعمال ہو ہمیں تب بھی اس کی حمایت کرنی چاہیے۔اس کے بغیر آپ دہشت گردوں سے نہیں لڑ سکتے۔‘
مشتبہ افراد کو حراست کے دوران ٹارچر کرنے کے خدشے کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ’میرے خیال میں جو بھی ہوگا، اتنا برا نہیں ہوگا جو گونتا نامو بے میں ہوا۔‘
گارڈیئن کے مطابق بہت سے تجزیہ کاروں کو اس پر شک ہے کہ پاکستان کی حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز شدت پسندوں کے خلاف کبھی مربوط کارروائی کرے گی بھی۔ ان کا موقف ہے کہ پی ایم ایل ان صرف مراعات یافتہ پنجاب کو تشدد سے بچانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ اخبار کے مطابق پی ایم ایل کے رہنماووں بشمول رانا ثنااللہ پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ انھوں نے ماضی میں پنجاب کو محفوظ رکھنے کے لیے شدت پسند گروپوں کے ساتھ خفیہ معاہدے بھی کیے۔ لیکن رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ حکومت کو اپنی نئی پالیسی اختیار کرنے کے لیے تین اہم عہدوں پر فائز افراد کے ریٹائر ہونے کا انتظار تھا۔ ان میں سابق صدر آصف علی زرداری، سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور فوج کے سابق سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ’اگر جسٹس چوہدری افتخار اب عدالت میں ہوتے تو انھوں نے دوسری ہی دن تحفظِ پاکستان آرڈیننس کو رد کرنا تھا۔‘ انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ 6 سال تک پاکستانی فوج کے سربراہ رہنے والے جنرل اشفاق پرویز کیانی طالبان کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے راضی نہیں تھے تاہم عسکری ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جنرل کیانی عدم کارروائی کی وجہ سے مایوس تھے۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ پنجاب کو محفوظ بنانے کے لیے پنجاب کے 174 علاقوں میں، جہاں پر پشتون آباد ہیں، کارروائی کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ’ہمیں خدشہ ہے کہ شدت پسندوں پنجاب میں جوابی کارروائیاں کریں گے۔‘