پاک فوج ہر قسم کے اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے،جنرل راحیل شریف
شیعہ نیوز (ڈی آئی خان) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے واضح کیا ہے کہ مسلح افواج کی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے، پاک فوج ہر قسم کے اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے، پوری قوم ایف سی اہلکاروں کی قربانیوں کو تسلیم کرتی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے ایف سی ہیڈ کوارٹر خیبر پختونخوا کا دورہ کیا، کور کمانڈر خالد ربانی اور آئی جی ایف سی نے ہیڈ کوارٹر پہنچے پر آرمی چیف کا استقبال کیا، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف ایف سی کے جوانوں سے ملے اور دہشتگردی کیخلاف ان کے حوصلوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ایف سی اہلکاروں کی دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر طرح کے اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے، دہشتگردی کے خلاف مسلح افواج کی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے، پاک فوج مستقبل میں بھی ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ میں شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پوری قوم دہشتگردی کیخلاف ایف سی اہلکاروں کی قربانیوں کو تسلیم کرتی ہے۔
دوسری جانب،ملک میں جاری کالعدم تحریک طالبان اور اس کی ہمنوا جماعتوں کی دہشت گردی کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان میں شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے نظام کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ سڑکوں کو خاردار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا، جبکہ شہر میں بھاری ٹریفک کا داخلہ بھی ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سکیورٹی فورسز اور پولیس مشترکہ طور پر گشت بھی کر رہے ہیں۔ دوسری جانب کوٹلی امام حسین (ع) میں نماز جمعہ کے اجتماع کے دوران نمازیوں نے پاک فوج کی وزیرستان میں حالیہ کارروائی کو سراہتے ہوئے انہیں اپنے ہر قسم کے تعاون کی یقین دھانی کرائی ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرنے پر نمازیوں نے پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے اور کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف عوام فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔ واضح رہے کہ وزیرستان میں پاک فوج کی کارروائی کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان کو انتہائی حساس سمجھا جا رہا ہے۔