حکمرانوں نے روش تبدیل نہ کی تو ’’گو نواز گو تحریک‘‘ شروع ہو سکتی ہے، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز (پنجاب) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام انتخابی دھاندلیوں کے خلاف ملک گیر یومِ مذمتِ دھاندلی منایا گیا۔ اس سلسلہ میں کراچی، راولپنڈی، فیصل آباد اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں، جلسے اور جلوس منعقد کئے گئے۔ سنی اتحاد کونسل کے کارکنوں نے پاکستان عوامی تحریک کی ریلیوں میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے فیصل آباد میں احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 11 مئی کو الیکشن نہیں سلیکشن ہوئی تھی۔ موجودہ حکمران ووٹوں سے نہیں نوٹوں سے جیتے۔ حکمرانوں نے اپنی روش تبدیل نہ کی تو بہت جلد ’’گو نواز گو تحریک‘‘ شروع ہو سکتی ہے۔ عوامی مینڈیٹ چوری کرنے والے قومی مجرم ہیں۔ دھاندلی میں ملوث تمام کرداروں کو عبرت کا نشان بنانا ہو گا۔ 35 پنکچروں والی جمہوریت جعلی اور فراڈ ہے۔
صاحبزادہ حام رضا نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بغیر انتخابات کا کوئی فائدہ نہیں۔ مڈٹرم انتخابات کا مطالبہ غیرجمہوری نہیں۔ دھاندلی کی پیداوار حکمرانوں کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں۔ حکومت عوامی اعتماد و اعتبار سے محروم ہے۔ ایک سال میں عوام کا ایک مسئلہ بھی حل نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ حکمران انتخابی وعدے بھول چکے ہیں۔ ووٹ کی حُرمت بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ دھاندلی کرنے والے جمہوریت کے اصل دشمن ہیں۔ غیر ملکی قرض مرض ہے اور اس سے نجات فرض ہے۔ سنی اتحاد کونسل پنجاب کے جنرل سیکرٹری مفتی محمد سعید رضوی نے سمندری میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو حقیقی جمہوریت کے لیے اٹھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ایک سال کے دوران دوستوں کو نوازنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ حکمران لوڈشیڈنگ، مہنگائی، بیروزگاری اور بدامنی ختم نہیں کر سکے۔ عوامی مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ ہو گیا ہے۔
سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین سیّد جواد الحسن کاظمی نے چکوال میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو قرضوں میں جکڑ دیا گیا ہے۔ حکومتی پالیسیاں پارلیمنٹ اور کابینہ کی بجائے رائیونڈ میں بنتی ہیں۔ پاکستان میں نواز شریف کی نہیں آئی ایم ایف کی حکومت ہے۔ صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی نے منڈی بہاؤ الدین میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھاندلی زدہ الیکشن کو تمام سیاسی جماعتوں نے مسترد کیا ہے۔ حکمران یاد رکھیں کہ 11مئی کا احتجاج ٹریلر ہے۔ موروثی سیاست کے علمبردار جمہوریت کے دشمن ہیں۔ یومِ مذمتِ دھاندلی کے موقع پر بوریوالہ میں پیر سیّد محمد اقبال شاہ، گوجرانوالہ میں مولانا محمد اکبر نقشبندی، خانیوال میں شیخ محمد ذوالفقار رضوی، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا، چھانگا مانگا میں ارشد مصطفائی، جڑانوالہ میں مفتی محمد یونس رضوی، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں صاحبزادہ حمید الدین نے احتجاجی ریلیوں اور جلسوں سے خطاب کیا۔