ایامِ فاطمیہ ع کی مختصر وضاحت
ایامِ فاطمیہ ع سے مراد جناب رسولِ خدا ﷺ کی بیٹی حضرت سیدہ فاطمہ زہرا ع کی شہادت سے منسوب، غم کے طور پر منائے جانے والے ایام ہیں۔
واضح رہے کہ حضرت صدیقہ طاہرہ ع کی تاریخِ شہادت کے حوالے سے نقل ہونے والے مختلف اقول میں سے شیعہ علما کے درمیان دو قول زیادہ مشہور اور مقبول ہیں:
اول: رسول خدا ص کی رحلت کے 75 دن بعد۔
دوم: رسول خدا ص کی رحلت کے 95 دن بعد۔*
چونکہ پیغمبر اکرم ص کی رحلت 28 صفر ہے اس بنا پر 75 دن کی روایت کے مطابق "13جمادی الاول” کی تاریخ جناب سیدہ ع کی شہادت کی تاریخ قرار پائے گی؛ جبکہ 95 دن کی روایت کے مطابق "3جمادی الثانی” کی تاریخ حضرت زہرا ع کی شہادت شمار ہو گی۔
مخفی نہ رہے کہ 75 دن یا 95 دن کے اختلاف کی متعدد وجوہات میں سے ایک وجہ یہ ہے کہ سابقہ دور میں عربی رسم الخط میں الفاظ پر نقطے نہیں ہوتے تھے؛ لہذا روایت میں «حمسه و سبعون» کے الفاظ نقطوں کے بغیر استعمال ہوئے جنہیں «خمسة و سبعون» پڑھا جائے تو 75 دن کا معنی ہو گا اور اگر «خمسة و تسعون» پڑھا جائے تو 95 دن کا معنی ہو گا۔
اسی بنا پر شیعہ کمیونٹی میں 13 جمادی الاول سے لے کر 3 جمادی الثانی تک کے ایام کو "ایام فاطمیہ ع” کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اور 3جمادی الثانی کی تاریخ کو خاص طور پر پوری دنیا کے شیعہ اور اہل بیت ع سے عقیدت و محبت رکھنے والے مسلمان، حضرت زہرا ع کی شہادت کے دن کے طور پر مناتے ہوئے عزاداری کرتے ہیں۔
يا زهراء*
مولانا سید توقیر عباس کاظمی