قم میں مرحوم آیت اللہ محسن نجفی کی یاد میں تعزیتی مجلس کا انعقاد
شیعہ نیوز: مفسر قرآن اور پاکستان کے متقی عالم آیت اللہ حاج شیخ محسن علی نجفی کی رحلت کی مناسبت سے حضرت معصومہ (ع) کے حرم میں تعزیتی مجلس برپا کی گئی۔ تعزیتی مجلس میں علمائے کرام، دینی مدرسوں، یونیورسٹیوں کے اساتذہ اور سوگواروں نے شرکت کی۔ حضرت معصومہ (س) کے روضہ مبارک میں شبستان امام خمینی میں منعقد ہونے والے پروگرام میں اہل بیت(ع) ورلڈ اسمبلی کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ رضا رمضانی اور اسلام آباد پاکستان کے امام حجۃ الاسلام شیخ محمد شفا نجفی نے خطاب کیا۔ مقررین نے اس گرانقدر شخصیت کی علمی اور اجتماعی خدمات پر روشنی ڈالی۔
پاکستان کے معروف عالم دین اور اتحاد بین المسلمین کے داعی علامہ محسن نجفی پاکستان میں وحدت اسلامی کو مضبوط و مستحکم بنانے اور مختلف علوم و معارف اسلامی کی ترویج و عرصہ دراز تک اپنی دینی خدمات جاری رکھنے کے بعد چوراسی برس کی عمر میں اس دار فانی سے کوچ کر گئے۔ پاکستان میں علامہ شیخ محسن علی نجفی اپنے ملک کے سب سے بڑے علمی مرکز جامعۃ الکوثر کے منتظم کی حیثیت سے پچاس سے زائد برسوں تک دینی خدمات پیش کرتے رہے اور مختلف علوم اور معارف اسلامی کی ترویج اور فرہنگ اہلبیت (ع) کی نشر و اشاعت میں مشغول رہنے کے بعد 9 جنوری کو انتقال کر گئے۔