
بے حجابی کا فتنہ انقلاب دشمنوں کا آخری حربہ ہے، علامہ جواد نقوی
شیعہ نیوز:تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کا کہنا ہے کہ ایران میں بے حجابی کا فتنہ پوری دنیا میں موضوع بحث بنا ہوا ہے، انقلابِ اسلامی کیخلاف اور ولایتِ فقیہہ کیخلاف پہلے بھی کثرت سے منصوبے بن چکے ہیں اور ناکامی سے ہمکنار ہوئے ہیں۔ یہ آخری حربہ ہے دشمنانِ انقلاب کا جس میں ان کو اب بھی ناکامی ہوگی۔ منافقین اور دشمنان ایران کے اندر اور باہر بھی ہیں، انھوں نے دوسال سے بے حجابی کے فتنے کو پھیلایا ہے اور عریانی کو پسند کرنیوالے خاندان بھی اسکی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عریانی کو مرد زیادہ پسند کرتے ہیں کیونکہ اس سے لذت اٹھاتے ہیں اس لیے مرد زیادہ اس حق میں مظاہرے کر رہے ہیں، ان سارے عناصر نے مل کر اس فتنے کو پھیلایا ہے۔ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ اس فتنے میں ایک کرد لڑکی کا واقعہ ہوا، جو ٹیومر کی مریض لڑکی کو پولیس نے جب حجاب اتارنے پر گرفتار کیا تو وہ شاک سے گر پڑی اور مرگئی۔
انہوں نے کہا کہ پروپیگنڈہ مشینری تو پہلے سے تیار تھی، انہوں نے مظاہرے شروع کر دیئے جو تسلسل سے جاری ہیں، ان مظاہروں کی کوئی قیادت نہیں کر رہا کیونکہ ان میں خواتین ہیں اور خواتیں اگر فساد بھی کر رہی ہوں انھیں روکیں تو وہ مظلوم بن جاتی ہیں۔ اور یوں نادان لوگوں کی ہمدردیاں مجرموں کیساتھ ہوجاتی ہیں۔ علامہ جواد نقوی نے قرآن کا حوالہ دیتے ہوءے کہا کہ فرمان الہیٰ ہے کہ جب زناکاروں پر حد جاری کی جا رہی ہو تو آپ ان سے ہمدردی نہ کریں کیونکہ یہ بھی ایک جرم ہے۔ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ مظاہروں کو ہینڈل کرنیوالی قیادت ملک کے اندر نہیں باہر ہے۔ امریکہ نے اس کیلئے بجٹ مختص کیا ہے، ایران میں امریکہ کا سوشل میڈیا کنڑول ہے، امریکہ نے سپیشل سٹار لائٹ انٹرنیٹ سروس ایران میں دی ہوئی ہے اور ایک کنٹرول روم کے ذریعے اس کو چلا رہا ہے، اقوام متحدہ کو بھی اکسا رہا ہے کہ ایرانی حکومت کو روکے اور پابندیاں بڑھائیں۔