افغان فوج کے طالبان ٹھکانوں پر حملے میں دسیوں طالبان ہلاک و زخمی
شیعہ نیوز: کابل میں افغان وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ اروزگان کے شہر گیزاب اور دھراود میں طالبان کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ اس حملے میں سینتیس طالبان ہلاک اور بیس زخمی ہو گئے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی افغان فوج کے ہاتھ لگا ہے۔
بیان کے مطابق افغانستان کی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ ہلمند کے شہر نہر سراج میں بھی طالبان کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس میں کم سے کم دس طالبان ہلاک ہو گئے۔
دوسری جانب افغانستان کے صوبے فریاب کے ضلع المار میں پولیس ہیڈکوارٹر پر کار بم دھماکے کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 12پولیس اہلکار اور 8 شہری زخمی ہوگئے۔
افغان صوبے فریاب کے گورنر نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ واقعے میں زخمی ہونے والوں میں المار پولیس چیف بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ طالبان نے پہلے المار پولیس ہیڈکوارٹر کے داخلی راستے پر رات کو کار بم دھماکہ کیا تھا۔
گورنر فریاب نے کہا کہ بم دھماکے کے بعد 4 حملہ آوروں کا افغان فورسز کے ساتھ مقابلہ صبح تک جاری رہا۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ المار حملے میں 100 کے قریب دکانوں اور مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔