اسلامی تحریکیںپاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

افغانستان کیساتھ مسئلہ کشمیر و فلسطین بھی اسلامی دنیا کے اہم ترین مسائل ہیں

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی کے 17ویں غیر معمولی وزرائے خارجہ اجلاس اور عالمی یوم یکجہتی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسئلہ افغانستان کیساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر و فلسطین بھی اسلامی دنیا کے سب سے اہم ترین مسائل ہیں، مسئلہ افغانستان کے لیے اقدامات کے ساتھ ان مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات بھی ضروری ہیں۔

علامہ ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ مسئلہ افغانستان کیلئے او آئی سی ممالک کا مل بیٹھنا خوش آئند ہے، خطے میں امن و استحکام کیلئے پرامن افغانستان لازم ہے، اسلامی دنیا جب تک اپنے مسائل کیلئے متفقہ حکمت عملی نہیں اپنائے گی، اس وقت دنیا متوجہ نہیں ہوگی، انسانی ترقی کیلئے یکجہتی لازم اصول، مگر اقوام متحدہ صرف دن مختص نہ کرے، عالمی یوم یکجہتی پر مظلوم کشمیریوں، فلسطینیوں کے حق میں اپنی منظور کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے جرات مندانہ اقدام بھی اٹھائے، جب تک ظالم کا ظلم ختم اور مظلوم کو انصاف نہیں ملتا، عالمی یوم یکجہتی صرف دن تک ہی محدود رہے گی۔

علام سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ اسلامی ممالک سمیت اقوام متحدہ اور اہم ملکوں کے وزرائے خارجہ، نمائندگان اور مبصرین کی پاکستان کی میزبانی میں افغانستان کیلئے ہونیوالی کانفرنس میں شرکت اور متفقہ قرارداد خوش آئند اقدام ہے، افغانستان کا مسئلہ عالمی استعماریت کا پیدا کردہ ہے، جس کے اثرات نے پاکستان سمیت پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں ایک عرصہ سے لے رکھا ہے، قابض افواج کے انخلا کے بعد افغان عوام کیلئے مشکلات مزید بڑھی ہیں اور بے چینی و اضطراب کی کیفیت ہے، اگر افغانستان کے استحکام کیلئے ایسے ہی مزید سنجیدہ اقدامات اٹھائے گئے تو نہ صرف افغانستان بلکہ خطہ میں بھی استحکام آئے گا، اس کیلئے ضروری ہے کہ اقوام عالم خصوصاً اسلامی دنیا مسئلہ افغانستان کیلئے تیز ترین اقدامات اٹھائے۔

یہ خبر بھی پڑھیں شیعہ علماء کونسل کے مرکزی وفد نے جنوبی پنجاب کے دورے کا آغازکردیا

انہوں نے مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کو ایک ہال میں اکٹھے ہونے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک اسلامی ممالک اپنے مسائل کے حل کیلئے متفقہ حکمت عملی نہیں اپنائیں گے، نہ صرف دنیا کی توجہ سے محروم رہیں گے بلکہ ہر آنے والا دن پہلے سے زیادہ مشکل ترین ہوگا، مسئلہ افغانستان کیساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر و فلسطین بھی اسلامی دنیا کے سب سے اہم ترین مسائل ہیں، مسئلہ افغانستان کے لیے اقدامات کے ساتھ ان مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات بھی ضروری ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے عالمی یوم یکجہتی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ جسے دنیا کی رہنمائی کرنا تھی، جسے مظلوم کا ساتھ اور ظالم کا ہاتھ روکنا تھا مگر افسوس یہ عالمی فورم صرف بیانات اور مختلف ایام کے مختص کرنے تک رہ گیا ہے، اقوام متحدہ کو کم از کم اس عالمی یوم یکجہتی کی مناسبت سے مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حق میں اپنی منظور کردہ قراردادوں کیلئے ہی جرات مندانہ اقدام اٹھانا چاہیئے تھا۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے عالمی یوم یکجہتی پر مظلوم کشمیریوں، فلسطینیوں اور تمام مظلوم طبقات کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کے اپنے عزم کو بھی دہرایا۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button