علامہ ہاشم موسوی کی مستونگ سانحہ میں زخمی ہونے والوں کی عیادت
شیعہ نیوز: مجلس علمائے مکتب اہلبیت ع کے رہنماء و امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی میلاد کے جلوس کو نشانہ بنانے والوں نے واضح پیغام دے دیا کہ وہ اسلام اور مسلمانوں کے دشمن ہیں۔ یہ بات علامہ سید ہاشم موسوی نے مستونگ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ مستونگ کے واقعے میں جہاں دہشگردوں کی پستی اور حکومت کی کمزوری دکھائی دیتی ہے، وہی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت میں خوبصورت انداز میں شہداء کے مقدس چہرے نظر آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام امن و محبت اور بھائی چارگی کا درس دیتا ہے۔ جو لوگ اسلام کے نام پر قتل و غارت گری کرتے ہیں، سانحہ مستونگ نے انکے سیاہ چہروں کو عیاں کر دیا۔ شرانگیز دین اسلام اور مسلمانوں کے دشمن ہیں۔ علامہ ہاشم موسوی نے کہا کہ دہشتگردی سے اہل تشیع اور اہل سنت دونوں شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم متحد ہوکر دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے صفوں سے نفرتیں پھیلانے والوں کو نکال کر پھینکنا ہوگا۔ جو لوگ کسی خاص مسلک و فرقے کے خلاف نفرتیں پھیلاتے ہیں، انکی شناخت کرکے انہیں مسترد کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر امام جمعہ کوئٹہ نے شہداء کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔