امام خمینی ؒ کے حکم پر40سال پہلے ایران سے آیا اوراتحاد بین المسلمین کیلئے کام کیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) حجت الاسلام علامہ محمد جمعہ اسدی مدیر جامعہ امام صادق ع کوئٹہ نے ’’اتحاد امت کی اہمیت کا جائزہ‘‘ ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں امام خمینی رح کے حکم پر چالیس سال پہلے ایران سے یہاں آیا اور میں نے مسلمانوں کے درمیان وحدت اور ہم آہنگی کے لئے کام کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے شہر کوئٹہ میں واقع ایران کے ثقافتی ادارے خانہ فرہنگ کی جانب سے ’’اتحاد امت کی اہمیت کا جائزہ‘‘ ویبینار منعقد ہواجس میں ایران سے تشریف لائے ہوئے عالمی مجلس تقریب مذاہب اسلامی کے سربراہ حجت الاسلام حمید شہریاری نےخصوصی خطاب کیا۔
عیبینار سے خطاب میں علامہ جمعہ اسدی نے کہا کہ سب سے پہلے میں ایران سے تشریف لائے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدیدکہتا ہوں اور فرمایا کہ میں امام خمینی رح کے حکم پر چالیس سال پہلے ایران سے یہاں آیا اور میں نے مسلمانوں کے درمیان وحدت اور ہم آہنگی کے لئے بہت کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ دشمن شیعہ اور اہل سنت کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی بہت زیادہ کوششیں کرتا ہے لیکن الحمدللہ ہماری باہمی ہم آہنگی سے دشمن کی سازشیں ہمیشہ ناکام ہوتی ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں مجمع تقریب مذاہبِ اسلامی کے وفد کی علامہ ساجد نقوی سےملاقات
گزشتہ چند سالوں میں یہاں اہل تشیع کی بڑی تعداد کو شہید کیا گیا لیکن ہم نے وحدت اور ہم آہنگی کی کوششوں سے ہاتھ نہیں اٹھایا بلکہ اپنی اس کوشش کو جاری رکھا۔
حجۃ الاسلام علامہ جمعہ اسدی نے کہا کہ عالم اسلام کے دشمن ہمیشہ اپنی سازشوں اور مسلمانوں کے قتل عام سے عالم اسلام کو تباہ کرنے کے درپہ رہتے ہیں لیکن ہم دیکھتے ہیں کہ مسلمان کس طرح اسلامی مذاہب کی سربلندی کے لیے کھڑے ہیں اور اس الہی آئیڈیل کا خون کے آخری قطرہ تک دفاع کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ آج غیر ملکی ایجنٹ مسلمانوں میں تفرقہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن علمائے کرام نے اپنی ہوشیاری سے ان سازشوں کو ناکام بنا دیا اور دشمنوں کو ان کے مذموم مقاصد حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی۔
انہوں نے بیان کیا کہ رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای ہمیشہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد کے نفاذ پر تاکید کرتے ہیں اور ان کی ہدایات کے مطابق عمل کرنا ہم پر واجب ہے۔