بچوں کو تعلیم دیتے ہوئے تشدد کا سہارا نہیں لینا چاہیے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مکاتب ولایت پاکستان کے زیر اہتمام مدرسہ المصطفیٰ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد میں قرآن و دینیات سینیٹرز کے طلباء کے اعزاز میں تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ بہترین انسان وہ ہے جو قرآن پڑھے اور پڑھائے لہذا قرآن سینٹرز کے معلمین معاشرے کے بہترین افراد ہیں ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اس نے ہمیں معلم قرآن بننے کی سعادت عطا کی۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو تعلیم دیتے ہوئے تشدد کا سہارا نہیں لینا چاہیے ، مار نہیں پیار طلباء کی تعلیم و تربیت کا سنہری اصول ہے۔ معلم کو اپنے بہترین اخلاق و کردار کے ذریعے طلباء کے لئے نمونہ عمل بننا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو رٹہ لگوانے کی بجائے طلباء کو علمی مطالب سمجھانے پر زور دینا چاہیے۔ معلمین قرآن کریم کو معاشرے میں قابل احترام مقام دلانے کے لئے ان کی بہترین مالی معاونت کے ساتھ ساتھ ان کی علمی صلاحیتوں میں اضافہ بھی ضروری ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں امام خمینی ؒ کے حکم پر40سال پہلے ایران سے آیا اوراتحاد بین المسلمین کیلئے کام کیا
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید فرحان زیدی نے کہا کہ قرآن سینٹرز کے طلباء کے لئے تقریب تقسیم انعامات کا مقصد معلمین و طلباء کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔اس موقع پر سالانہ بہترین کارکردگی دکھانے پر طلباء میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے معزز مہمانوں کو آیت اللہ محمد علی تسخیری کی کتاب اھل بیت علیھم السلام کا علمی مقام امت اسلامی کے اتحاد کا محور تحفہ دیا۔