فلسطینی عوام کی اسرائیلی مظالم کیخلاف مزاحمت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، علامہ ناصر عباس جعفری
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کی اسرائیلی مظالم کے خلاف مزاحمت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، غیور اور شجاع فلسطینیوں کو اپنی سرزمین کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، اسرائیل کے لئے نارملائزیشن کی مہم چلانے والے دیکھ لیں آپ ڈوبتی کشتی میں پاکستان کو سوار کرنا چاہتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فضائیہ کے نہتے فلسطینیوں پر حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، فلسطینی عوام کے پاس گنوانے کو کچھ نہیں بچا۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ ہار بزدل صہیونیوں کا مقدر ٹھہرے گی، مسلم امہ فلسطینی کاز کی حمایت میں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنی خاموشی توڑے، اسرائیل گزشتہ سال میں دو سو سے زائد بے گناہ فلسطینیوں کو شہید کر چکا ہے، فلسطینوں کی مزاحمت پر اسرائیلی سفاکیت اور بربریت پر خاموش تماشائی عالمی برادری بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے، ترکیہ اور مصر کو مصلحت پسندی چھوڑ کر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کرنی چاہیئے۔