پشاور دھماکہ سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے پشاور خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کافی تعداد میں پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں، درجنوں انسانی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہوا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اتنے سخت سیکورٹی زون میں خودکش کا داخل ہو کر بلاسٹ کرنا کافی حیران کن ہے۔ ایک اور مسجد میں دھماکہ سے واضح ہوتا ہے کہ دہشت گردوں کا کسی مذہب، مسلک اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔دہشت گردوں کا صرف ایک ہی مقصد ہے دہشت گردی و قتل و غارت کرنا ان کے نزدیک کوئی مسجد، مسلک قابل تعظیم نہیں۔ کتنی سفاکیت سے نماز میں مشغول مسلمان کو دہشت گردانہ کاروائی کرکے شہید کر دیا ہے۔ پورا ملک بالخصوص خیبر پختونخوا دہشت گردوں کے نشانے پر ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں سانحہ پشاور انتہائی افسوسناک، پاکستان نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، کاظم میثم
انہوں نے کہا کہ کافی عرصے سے سے ڈیرہ اسماعیل خان پشاور، لکی مروت، ٹانک اور شمالی علاقہ جات میں پولیو ٹیمز، پولیس اسٹیشنز، پولیس چوکیاں اور دیگر سیکورٹی فورسز اور سیکورٹی اداروں پر حملے کئے گئے۔ حساس اداروں کی ناقص سیکورٹی خود سیکورٹی اداروں کی کارکردگی اور ملکی سیکورٹی صورتحال پر سوالیہ نشان ہے۔ اس قسم کے واقعات کے سدباب کیلئے حکومت اور سیکورٹی اداروں کیلئے سخت فیصلے اور سخت اقدامات کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔ حکومتی ادارے، تحقیقاتی ادارے اور سیکورٹی فورسز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس دہشتگردی کے واقعہ میں ملوث ملزمان و سہولتکاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ آئندہ اس قسم واقعات سے عوام کے جانی و مالی نقصان کا تحفظ ممکن ہو۔ عوام کے جان و مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے، شہداء کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد از جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔