علامہ اقتدار نقوی کا رات گئے قرنطینہ سینٹر ملتان کا دورہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی خصوصی ہدایت پر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی رات گئے وفد کے ہمراہ ملتان میں زائرین کے لیے قائم کیے گئے قرنطینہ سنٹر پہنچ گئے۔
علامہ اقتدار نقوی نے قرنطینہ سنٹر میں زائرین کی رہائش گاہ کا جائزہ لیا اور اطمینان بخش قراردیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طیب خان نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ زائرین ہمارے بھائی ہیں اور ملتان میں ان کے لیے بہتر اقدامات کیے گئے ہیں، تمام زائرین کو الگ الگ کمروں میں رکھا گیا ہے اور اُن کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ بارہ سو سے زائد زائرین کی رہائش اور طعام کا اہتمام کیا گیا ہے، اس کے علاوہ بچوں اور خواتین کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، طیب خان کے مطابق زائرین کے لواحقین کے لیے بھی خصوصی جگہ بنائی گئی ہے۔
علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ سکھر اور ڈیرہ غازیخان کی نسبت ملتان میں زائرین کے لیے بہتر اقدامات کیے گئے ہیں، ہم اُمید کرتے ہیں کہ جس طرح سکھراور ڈیرہ غازیخان میں زائرین کے ساتھ سلوک کیا گیا ہے اس طرح کا ملتان میں نہیں ہوگا۔