
امریکہ میں کورونا کا قہر، ایک ہی دن میں 1480 افراد ہلاک
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امریکہ میں کورونا سونامی نے تباہی مچا دی اور کورونا سے امریکہ میں ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے 1480 افراد ہلاک ہوگئے ہیں، جس کے بعد امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7402 ہوگئی ہے۔
کورونا وائرس سے صرف نیویارک میں 680 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ریاست میں ہلاک افرادکی تعداد 3 ہزار218 ہوگئی۔
امریکی حکومت نے دیگر ممالک کی بہ نسبت بہت دیر سے کورونا ٹیسٹنگ کا آغاز کیا ہے اور اس وقت کورونا بیماروں میں اچانک اضافے کے بعد امریکہ کے طبی مراکز کورونا ٹیسٹ کیٹس کی قلت سے روبرو ہیں۔
امریکہ میں مسلسل تیسرے روز ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد ملک بھر میں گھروں سے نکلنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازمی قراردیدیا گيا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے تمام افراد کو اپنے منہ کو کپڑوں سے ڈھانپنے کا حکم دیدیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ میں اب تک کورونا وائرس کے 2 لاکھ 77 ہزار 467 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ہلاکتیں 7 ہزار 402 ہو چکی ہیں۔