
امریکہ کو قابض رژیم کی حمایت کے سلسلے میں اپنا موقف بدلنا چاہئے، حماس
شیعہ نیوز: فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس” کے رہنماء "محمود مرداوی” نے کہا کہ امریکہ کو چاہئے کہ اسرائیل کی حمایت کے سلسلے میں اپنی پالیسی پر نظرثانی کرے۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کو چاہئے کہ قابض صیہونی رژیم کے جرائم کی حمایت کے موقف سے پیچھے ہٹے۔ محمود مرداوی نے کہا کہ صیہونی دشمن جنگ بندی اور مہاجرین کی واپسی جیسے حماس کے بنیادی مطالبوں کو نظرانداز کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لئے سخت محنت کر رہے ہیں کہ دشمن رہا کئے جانے والے فلسطینی قیدیوں کو دوبارہ اسیر نہ کرے اور غزہ پر مذاکرات کے عملردرآمد کے بعد عسکری جارحیت نہ کرے۔
واضح رہے کہ فلسطینی مقاومتی گروہوں نے 75 سالہ صیہونی جبر و تشدد کے خلاف سات اکتوبر کو غزہ کے جنوب میں اسرائیل کے ٹھکانوں پر آپریشن طوفان الاقصیٰ شروع کیا۔ لڑائی کے پہلے 45 دنوں کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان چار روز کی عارضی جنگ بندی عمل میں آئی جو بڑھتے بڑھتے سات دن تک پہنچ گئی۔ اس جنگ بندی کے دوران اسرائیل اور حماس کے مابین قیدیوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ تاہم ایک ہفتے کی عارضی جنگ بندی کے بعد یکم دسمبر کو اسرائیل نے غزہ پر نئے سرے سے اپنی جارحیت شروع کر دی۔ صیہونی رژیم نے طوفان الاقصیٰ میں اپنی ناکامی اور مقاومت کے حملوں کو روکنے کے لئے غزہ کی پٹی کے داخلی راستوں کو بند کر دیا اور اس علاقے پر ابھی تک وحشیانہ بمباری کر رہا ہے۔