امریکی حملہ عراق کے اقتدار اعلیٰ کی خلاف ورزی ہے۔ عراقی کونسل
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عراقی کی قومی سلامتی کونسل نے بھی وزیراعظم عادل عبدالمہدی کے اس بیان کی تائید کی ہے کہ سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس پر امریکہ کا حملہ عراق کے اقتدار کی خلاف ورزی ہے۔
سومریہ نیوز کے مطابق عراق کی قومی سلامتی کونسل کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کا یہ اقدام عراق میں امریکی فوجیوں کے قیام کی شرائط اور مشن کے بھی منافی ہے۔
عراقی قومی سلامتی کونسل نے پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا ہے تاکہ ملکی اقتدار اعلی نیز سلامتی اور استحکام کے حوالے سے متحدہ موقف اپنانے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے لازمی فیصلہ سازی کی جاسکے۔
قابل ذکر ہے کہ سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس کی امریکہ کے دہشت گردانہ حملے میں شہادت کے بعد، عراقی عوام کی جانب سے اپنے ملک سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے لیے قانون سازی کی غرض سے حکومت اور پارلیمنٹ پر ڈالے جانے والے دباؤ میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔