امریکی سازشوں کے سامنے ایرانی قوم مزید مضبوط ہوئی ہے۔ روحانی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایرانی عوام امریکہ کی سازشوں اور پابندیوں کے مقابلے میں پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور طاقتور ہوگئے ہیں۔
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران کے سینٹرل بینک کے جنرل اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ امریکہ نے ایران کے خلاف غلط اور احمقانہ منصوبہ بندی کی ہے اور امریکی پابندیوں کے مقابلے میں ایرانی عوام پہلے سے بھی زیادہ طاقتور ہو چکے ہیں۔
صدر روحانی نے کہا کہ دہشت گرد امریکیوں کے ہاتھوں جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت سے پورا مغربی ایشیا کا خطہ متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کا غم ہندوستان اور پاکستان سے لے کر افریقہ، یورپ،امریکہ ، آسٹریلیا اور ایشیا کے بیشتر ملکوں میں منایا جا رہا ہے۔
صدر حسن روحانی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ امریکہ کی فوجی چھاؤنی پر میزائلی حملہ کرنے کی جرائت بہت کم ملکوں میں ہوگی کہا کہ ایران نے جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد عراق میں دہشت گرد امریکی فوج کی چھاؤنی پر حملہ کیا اور ٹرمپ ایران کو دھمکیاں دینے سے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ مغربی ایشیا میں امریکہ کی غلط منصوبہ بندی آج سب پر واضح ہوگئی ہے جبکہ ایرانی عوام، امریکہ اور اس کے علاقائی اتحادیوں کی سازشوں کے مقابلے میں پوری قوت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ آج وہ لوگ بھی جو پہلے ٹرمپ پر بھروسہ کرتے تھے یہ اعتراف کررہے ہیں کہ ٹرمپ نے پوری دنیا اور خود امریکہ کے لئے ایک بڑی مشکل کھڑی کردی ہے۔
انہوں نے یوکرائنی طیارے کے حادثے میں 176 انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے نے تمام ایرانی قوم کو متاثر کیا اور ان کے دلوں میں گہرے دکھ او درد کا باعث بنا ہے۔
صدر روحانی نے مزید کہا کہ ایرانی قوم، ایک عظیم قوم ہیں جو اتنی آسانی سے دشمنوں کے سازشوں کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔