عرب حکمران اسرائیل سے تعلقات منقطع کریں، کراچی پریس کلب؍فلسطین فاؤنڈیشن
شیعہ نیوز: فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی مرکزی سرپرست کمیٹی کراچی پریس کلب میں نو منتخب عہدیداروں سے ملاقات کی اور جذبہ خیر سگالی کے طور پر گلدستہ و مٹھائی بھی پیش کی۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد کی قیادت سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان کر رہے تھے، ان کے ہمراہ پی ایل ایف کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، تحریک انصاف کے اسرار عباسی، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی، سابق رکن سندھ اسمبلی میجر (ر) قمر عباس، پاکستان مسلم لیگ نواز کے قاضی زاہد حسین، آل پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین مطلوب اعوان قادری، حریت کانفرنس کے نمائندہ بشیر سدوزئی، پائیلر کے چیئرمین کرامت علی، پی ٹی آئی کی خواتین رہنما ارم بٹ، عائشہ کامران اور دیگر سیاسی، مذہبی و سماجی رہنما موجود تھے۔ ملاقات میں کراچی پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں میں سیکرٹری رضوان بھٹی، جوائنٹ سیکرٹری ثاقب صغیر، رضوان راجپر، فاروق اسماعیل اور عزیز سانگھر موجود تھے۔ ملاقات میں شرکاء نے متفقہ طور پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کاز کی جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک غاصب اور جعلی ریاست ہے، فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے، عرب دنیا کے حکمران اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرکے فلسطینی کاز کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اسرائیل کے ساتھ تعلقات بنانے والے عرب حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عرب حکمران اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے فیصلہ پر نظرثانی کریں اور مسلم اُمّہ کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے اسرائیل سے تعلقات ختم کریں۔ پی ایل ایف رہنماؤں اور کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے فلسطین اور کشمیر میں جاری صہیونی و بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ تیس مارچ کو فلسطینی عوام سے یکجہتی کیلئے یوم ارض فلسطین منایا جائے گا۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اپنے قیام کے پہلے دن سے ہی مسلسل انتھک جدوجہد میں مصروف عمل ہے، انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن کے کردار کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔