نگران وزیر خزانہ کی آئی ایم ایف کو شرائط پر عملدرآمد کی یقین دہانی
اسلام آباد: نگران وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی آئی ایم ایف حکام کے درمیان ورچوئل میٹنگ، ایکسچینج ریٹ، پاور سیکٹر اور گیس سیکٹر کے گردشی قرضہ پر بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق نگران وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ پر آئی ایم ایف کو اعتماد میں لیا، وزیر خزانہ نے کہا کہ ایکسچینج ریٹ کنٹرول کرنے کیلیے کوئی مصنوعی پالیسی نہیں اختیار کی جائے گی بلکہ اس کا تعین مارکیٹ خود کرے گی۔
اس کے علاوہ وزیر خزانہ نے کہا پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ کم کرنے کیلیے ٹیرف ریٹ کو بڑھایا گیا، جون 2024 تک پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 2128 ارب تک محدود کیا جائیگا جس کیلئے سبسڈیز کو ختم کیا جا رہا ہے، اجلاس میں گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے آئی ایم ایف سے پہلے سے طے شدہ اسکیم پر بات ہوئی۔
نگران وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف حکام کو معاہدے کی شرائط پر عملدرآمد بارے آگاہ کیا، آئی ایم ایف حکام نے وزیرخزانہ سے معاہدے کی شرائط پر سختی سے عملدرآمد بارے مطالبہ کیا، وزیرخزانہ نے اقتصادی جائزہ شروع ہونے سے قبل شرائط پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی بھی کرائی۔