نئی حکومت کی تشکیل پر مشاورت، پی ٹی آئی رہنماوں کی علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات
شیعہ نیوز: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں نے مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹیریٹ اسلام آباد میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے اہم ملاقات کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنماوں نے پارلیمانی الیکشن میں کامیابی کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں وفد کیساتھ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی دفتر میں ملاقات کی اور وفاق اور پنجاب میں حکومتوں کی تشکیل کے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا اور پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعظم عمر ایوب خان بھی موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں جماعتوں کے قائدین کی ملاقات میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں سے متعلق امور پر بھی مشاورت کی گئی۔ خیال رہے کہ ملک میں عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی 92 نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے کئی کامیاب امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے بعد انہیں 3 دن میں کسی بھی جماعت میں شمولیت یا آزاد حیثیت برقرار رکھنے کا فیصلہ کرنا ہے۔