سی ٹی ڈی نے دو ماہ سے جبری لاپتہ 3 عزاداروں کو دہشتگرد بنا کر پیش کردیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) نے دو ماہ سے زائد عرصے سے جبری لاپتہ 3 شیعہ عزادار جوانوں کو دہشت گردی کے جھوٹے الزامات میں گرفتار ظاہر کردیا ہے۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کراچی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشتگردوں سید کمیل حیدر عابدی ولد سید فرزند علی عابدی، سید ہادی رضا زیدی ولد سید آفتاب حیدر زیدی اور سید ظہور عباس زیدی ولد سید امیر حیدر زیدی کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان سے 6 عدد9mmامپورٹڈ پستول، 3 عددہینڈ گرنیڈ برآمد کیئے گئے ہیں،ان تینوں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں 3 مقدمات اسلحہ آرڈیننس ،3مقدمات ایکسپلوزو ایکٹ کے تحت درج کیئے گئے ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ گرفتار ملزمان نے کراچی میں موجود اہم و حساس انسٹالیشن، اہم سرکاری عمارتوں و غیر ملکی سفارتخانوں اور حساس نوعیت کی اہم شخصیات کو ٹارگٹ کرنے کیلئے ریکی کا عمل مکمل کرلیا تھا۔
یہ خبر بھی پڑھیں امام زمانہ عج سے منسوب ترانے ’’ سلام فرماندے ‘‘ پر پی ڈی ایم کی متعصب حکومت نے پابندی لگادی
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے سننی خیزانکشافات کی روشنی میں سی ٹی ڈی کی مختلف ٹیمیں چھاپامار کاروائیوں میں مصروف ہیں، گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر دیگر ساتھیوں و دہشت گردوں کی گرفتاری جلد متوقع ہے ۔
واضح رہے کہ یہ تینوں شیعہ نوجوان عزادار گذشتہ دو سے تین ماہ کے درمیان کراچی کے مختلف علاقوں سے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے جبری طورپر لاپتہ کیئے گئے تھے۔
ان جوانوں کے اہل خانہ نے یہ عرصہ شدید ذہنی اذیت ، کرب و تکلیف میں گذارا، افسوس کہ جب ان پر کوئی الزام ثابت نا ہوسکا تو اب ان پر دہشت گردی کے جھوٹے الزامات عائد کرتے ہوئے ان کی گرفتاری ظاہر کردی گئی ہے۔