
ہفتہ وحدت کے دوران تمام مکاتب فکر کے مابین اتحاد کیلئے کام کرنا چاہیے، شیخ احمد نوری
شیعہ نیوز:ممبر گلگت بلتستان کونسل و صوبائی رہنما مجلس وحدت مسلمین شیخ احمد علی نوری نے 12 تا 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رہبر کبیر روح اللّٰہ خمینی رح نے دشمن کی سازشوں کو درک کیا اور ماہ ربیع الاول میں ہفتہ وحدت منانے کا اعلان کیا تاکہ امت محمدی سیرت رسول خدا (ص) کو اپناتے ہوئے ایک دوسرے سے محبت و اتحاد کے ساتھ رہے۔لہذا ہمیں ہفتہ وحدت کے دوران تمام مسالک اور مکاتبِ فکر کے مابین وحدت و اتحاد کی مزید مضبوطی کے لئے کام کرنا چاہیے اور معمولی نوعیت کے جزوی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملت اسلامیہ کے اتحاد کا عملی مظاہرہ کریں اور اسلام مخالف عناصر کو واضح پیغام دیں کہ وہ امت مسلمہ کے اتحاد کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچا سکتے۔انہوں نے کہا کہ تمام مسلمانوں پر فرض ہے کہ پیغمبر اسلام کی تعلیمات اور ان کی زندگی سے سبق سیکھتے ہوئے اپنی زندگی گزاریں اور اللہ کے پیارے نبی کی محبت کا سب سے بڑا تقاضا بھی یہی ہے کہ ہم اپنے درمیان پائے جانے والے جزوی اختلافات کو ختم کرکے اتحاد بین المسلمین کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں چاہیے کہ امن و محبت کے پیغام کو فروغ دیتے ہوئے تمام مکاتب فکر کا احترام کریں اور وطن عزیز کی بقاء اور سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔