اہم پاکستانی خبریں

آزاد کشمیر میں ایک مرتبہ پھر زلزلہ، 53 افراد زخمی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) آزاد کشمیر کے علاقے میرپور اور جہلم اور ملحقہ علاقوں میں ایک مرتبہ پھر زلزلہ محسوس کیا گیا ہے، جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مختلف واقعات میں 53 افراد زخمی بھی ہوئے۔

تاہم اسلام آباد میں موجود قومی زلزلہ کوہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 تھی اور اس کا مرکز جہلم کے 6 کلو میٹر شمال میں 12 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔میرپور میں ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق نور کے مطابق تھوتل، کلیال اور میرپور کے ایفون سیکٹر کی کچی آبادی میں 53 افراد زخمی ہوئے۔

دوسری جانب زلزلے کے آفٹرشاکس کے بعد صورتحال کے نتیجے میں میرپور انتظامیہ نے 27 اور 28 ستمبر کو ضلع میں اسکول بند رکھنے کا اعلان کردیا۔علاوہ ازیں کچھ لوگوں نے لاہور اور سیالکوٹ میں بھی ہلکا زلزلہ محسوس کیا اور وہ اپنے گھروں اور دفاتر سے باہر آگئے۔

خیال رہے کہ 24 ستمبر 2019 کو آزاد کشمیر سمیت پنجاب اور خبیرپختونخوا کے مختلف شہروں میں شدید زلزلے سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا تھا جبکہ 38 افراد جاں بحق اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

سہ پہر 4 بجے آنے والے زلزلے کی شدت 5.8 تھی اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز جہلم کے شمال میں آزاد کشمیر اور پنجاب کو جدا کرنے والی سرحد سے 22 اعشاریہ 3 کلومیٹر دور تھا۔

چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض نے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ زلزلے سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے چند علاقے متاثر ہوئے جبکہ سب سے زیادہ نقصان میرپور آزاد کشمیر میں ہوا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button