پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے، 3 جاں بحق 120 زخمی
اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور جہلم سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے محسوس کیے گئے ہیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور جہلم سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے محسوس کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ خوشاب، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، ملتان اور سیالکوٹ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جب کہ میرپور آزاد کشمیر، بھمبھر میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق اب تک کی اطلاعات کے مطابق 3 افراد جاں بحق اور 120 زخمی ہوگئے ہیں۔
اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں پشاور، چارسدہ، سوات، خیبر، ایبٹ آباد، باجوڑ، نوشہرہ، مانسہرہ، بٹ گرام، تور غر اور کوہستان میں بھی زلزلے کی جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز جہلم کے قریب ہے جب کہ اس کی گہرائی زیر زمین 9 کلو میٹر تھی۔ زلزلے کے جھٹکے 15 سے 20 سیکنڈ تک محسوس کیے گئےہیں۔