جنرل اسماعیل قاآنی منظرعام پر آ گئے، تہران میں شہید نیلفروشاں کے جسد خاکی کا استقبال
شیعہ نیوز: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے اعلی حکام کے ساتھ تہران میں شہید عباس نیلفروشان کے جسد خاکی کے استقبال کے مراسم میں شرکت کی۔
لبنان میں صیہونی حملے میں شہید ہونے والے ایران کے فوجی مشیر میجر جنرل شہید عباس نیلفروشان کا جسد خاکی آج (منگل) صبح تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ لایا گیا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے اعلی حکام اور شہید کے اہل خانہ کے ہمراہ مہرآباد ایئرپورٹ پر شہید عباس نیلفروشان کے جسد خاکی کے استقبال کے مراسم میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ پٹی پر اسرائیل کی تازہ بمباری میں فلسطینی شہداء کی تعداد 31 ہوگئی
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اعلی کمانڈر شہید جنرل عباس نیلفروشان کے جلوس جنازہ میں صدر مملکت مسعود پزشکیان، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکرمحمد باقر قالیباف، اعلی سول اور عسکری حکام سمیت تہران کے دسیوں ہزار عوام نے شرکت کی ۔ تہرانی عوام کی نظریں جب قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی پر پڑیں تو اس موقع پرانہوں نے حیدر حیدر اور اسرائیل مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
اس سے پہلے سپاہ پاسداران انقلاب کے سربراہ کے مشیر جنرل ابراہیم جباری نے کہا تھا کہ جنرل اسماعیل قاآنی کو رہبر انقلاب اسلامی تمغہ فتح کے اعزاز سے نوازیں گے۔
شہید جنرل عباس نیلفروشان کا جسد خاکی عراق کے مقدس شہروں کربلائے معلی اور نجف اشرف میں تشییع کے بعد ایران پہنچا ۔
تہران کے مہر آباد ائیرپورٹ پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈروں اور دیگر اعلی سول اور عسکری حکام نے میت کا استقبال کیا۔
غاصب صہیونی حکومت کے حامی میڈیا نے صہیونی حکومت کے بیروت پر حملے میں القدس فورس کے سربراہ جنرل اسماعیل قاآنی کے پہلے زخمی ہونے پھرگرفتار ہونے اور آخر میں ان سے تحقیقات ہونے کی متضاد خبریں پھیلائی تھیں جو آج دم توڑ گئيں اور ایک مرتبہ پھرغاصب صیہونی میڈیا کی خبروں کے من گھڑت ہونے سے پردہ اٹھ گیا۔