جنرل اسماعیل قاآنی کا القسام بریگیڈ کے کمانڈروں کو پیغام
شیعہ نیوز: سپاہ پاسدارن انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ میجر جنرل "اسماعیل قاآنی” نے القسام بریگیڈ اور اُس تحریک کے روح رواں "محمد الضیف” کے نام ایک خط کے ذریعے پیغام بھیجا۔ اس خط میں قدس فورس کے سربراہ نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے القسام بریگیڈ اور دیگر مقاومتی تحریکوں نے غزہ میں آپریشن "طوفان الاقصیٰ” کے ذریعے ایک تاریخ رقم کر دی۔ جس سے غاصب صیہونی رژیم کی کمزوریاں دنیا بھر کے سامنے آشکار ہو گئیں۔ اس کارروائی نے محکم اور واضح طور پر ثابت کیا کہ یہ رژیم مکڑی کے جالے سے بھی کمزور ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کی کامیابی کے لئے دوست و دشمن کا یہ بیان ہی کافی ہے کہ طوفان الاقصیٰ کے بعد اب خطہ اور غزہ پہلے جیسا نہیں رہا۔ در حقیقت دشمن نے اپنی شکست کا بدلہ غزہ کے نہتے عوام کا ہولناک قتلِ عام کر کے لینے کی کوشش کی، اسرائیل کے یہ وحشیانہ اقدام صیہونی حکومت، امریکہ اور اس کے تمام حامیوں کے لیے ایک اخلاقی سکینڈل بن گئے جو انسانی حقوق کے دفاع کا جھوٹا دعویٰ کرتے ہیں۔
جانشین قاسم سلیمانی نے اپنے خط میں کہا کہ غزہ کی مستحکم اور صبور فلسطینی عوام نے اپنی جانیں قربان کر کے اس عزم کو تقویت دی کہ وہ ایک بار پھر ظالم دشمن کی شمشیر پر اپنے خون سے فتح حاصل کرنے کے لئے بالکل تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے عزیز کمانڈروں، صیہونی دشمن کے زمینی حملے اور اُن کی جدید جنگی گاڑیوں پر استقامت کاروں کے مسلسل حملے اس بات کی نشان دہی کرتے ہیں کہ مقاومت، غزہ میں اپنی میدانی طاقت اور تنظیم کے تحفظ کے علاوہ جدید ٹیکنیکس ایجاد کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔ یہ عظیم کامیابی امت کے بیٹوں کے لئے جہاد کا آپشن اختیار کرنے کا سبب بنی ہے۔ انہیں پہلے سے کہیں زیادہ یقین رکھنا چاہئے کہ مجاہدین بہت جلد مسجد اقصیٰ پہنچیں گے اور اسے صیہونی پنجوں سے نجات دلائیں گے۔ غزہ آج امت کی عزت و وقار کا دفاع کر رہا ہے۔ آپ یقین رکھیں کہ قدس و مقاومتی مرکز، دنیا کے حریت پسند اور امت کے معزز افراد وحشی و درندہ صفت صیہونیوں اور اُن کے حواریوں کے سامنے آپ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
جنرل اسماعیل قاآنی نے کہا کہ مقاومت، صیہونیوں کو فلسطین و غزہ میں اپنے مکروہ عزائم پورے کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ اے مجاہد بھائیوں، یہ باعث افتخار ہے کہ آپ کو، دیگر مجاھد بھائیوں اور فلسطینی عوام کو صیہونی دشمن کے سامنے اس بے نظیر فتح پر اپنی اور اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے مبارک پیش کرتا ہوں۔ ہم خداوند متعال سے شہداء کے لئے عالی درجات اور زخمیوں کی جلد شفایابی کے لئے دعا گو ہیں۔ آخر میں ایک بار پھر اپنے عہد و پیمان اور ایمانی بھائی چارے پر زور دیتا ہوں جس کی وجہ سے ہم سب آپس میں متحد ہیں۔ آپ کو اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ اس تاریخی معرکے میں ہم سے جو کچھ بن پڑا موثر طور پر انجام دیں گے۔