
9 مئی کے ورغلائے لوگوں کو پہلے ہی شک کا فائدہ دے دیا، اصل مجرم کو حساب دینا ہوگا، آرمی چیف
شیعہ نیوز:چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر نو مئی کے ورغلائے لوگوں کو پہلے ہی شک کا فائدہ دیا جاچکا ہے تاہم اصل مجرم کو حساب دینا پڑے گا اور اُن سے کوئی ڈیل بھی نہیں ہوگی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ائی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا اور وطن کی خاطر قربانیاں دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ اس موقع پر کور کمانڈر لاہور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
اس موقع پرآرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کور ہیڈ کوارٹرز میں گیریژن آفیسرز سے آرمی چیف نے خطاب کرتے ہوئے افسران اور جوانوں کو ان کی قوم کیلئے خدمات پیش کرنے اور پیشہ ورانہ مہارت پر سراہا.آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ ’’دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے ڈیجیٹل ٹیریزم کر رہے ہیں اور مسلح افواج و پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، مگر قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا“۔