مقالہ جاتہفتہ کی اہم خبریں

حضرت زینب سلام اللہ علیہا کوہ استقامت

حضرت زینبؑ نے یزید سے مخاطب ہوکر فرمایا: تو جو بھی مکر و حیلہ کرسکتا ہے کرلے، اور [خاندان رسولؐ] کے خلاف جو بھی سازشین کرسکتا ہے کرلے لیکن یاد رکھنا تو ہمارے ساتھ اپنا روا رکھے ہوئے برتاؤ کا بدنما داغ کبھی بھی تیرے نام سے مٹ نہ سکے گا

شیعہ نیوز: حضرت زینبؑ سلام اللہ علیہا (5 یا 6ھ- 62ھ) امام علیؑ اور حضرت فاطمہ (س) کی صاحبزادی ہیں۔ آپ واقعۂ کربلا میں اپنے بھائی امام حسینؑ کی شہادت کے بعد باقی اسیرانِ کربلا کے ہمراہ کوفہ اور پھر شام لے جائی گئیں۔

کوفہ اور شام میں یزید کے دربار میں حضرت زینب کا خطبہ بہت مشہور ہے۔ ان کے خطبے سے سامعین پر گہرا اثر ہوا اور یزید امام حسینؑ کی شہادت کا الزام ابن زیاد کے گردن پر ڈالنے اور اسے لعنت کرنے پر مجبور ہوا۔

امام حسینؑ نے روزِ عاشورا اپنی آخری ملاقات میں حضرت زینب سے درخواست کی کہ وہ اپنی تہجد کی نماز میں ان کے لئے دعا کریں۔

احادیث کے مطابق حضرت زینب کا نام پیغمبر اسلامؐ نے انتخاب کیا تھا۔ امیرالمؤمنین حضرت علیؑ کے دور خلافت میں آپ کوفہ میں خواتین کے لئے تفسیر قرآن کا درس دیتی تھیں۔

حضرت زینب کے شوہر عبداللہ بن جعفر تھے۔ آپ کے دو بیٹے عون و محمد واقعہ کربلا میں عاشورا کے دن شہید ہوئے۔

آپ بہت زیادہ مصائب کا شکار ہوئیں اسی لیے آپ کو اُمّ المَصائب کا لقب دیا گیا ہے۔ حضرت زینب کے محل دفن کے بارے میں اختلاف پایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں شام میں حرم حضرت زینب اور مصر میں مقام السیدۃ زینب آپ سے منسوب ہیں۔

 

اجمالی تعارف

حضرت زینب امام علیؑ و حضرت فاطمہؑ کی صاحبزادی ہیں۔[1] بعض منابع کے مطابق حضرت زینبؑ 5 جمادی‌ الاول 5[2] یا 6ھ کو مدینہ میں پیدا ہوئیں۔[3]

لفظ زینب لغت عرب میں نیک منظر اور خوشبودار درخت[4] یا باپ کی زینت کے معنی میں آتا ہے۔[5] متعدد احادیث کے مطابق حضرت زینب کا نام پیغمبر اسلامؐ نے انتخاب کیا تھا۔ کہا گیا ہے کہ جبرئیل نے خدا کی طرف سے یہ نام پیغمبر اکرمؐ تک پہنچایا تھا۔[6] کتاب الخصائص الزینبیۃ میں آیا ہے کہ پیغمبر اکرمؐ نے حضرت زینب کا بوسہ لیا اور فرمایا: میری امت کے حاضرین غایبین کو میری پوتی زینب کی کرامت سے آگاہ کریں؛ بتحقیق میری پوتی اپنی نانی حضرت خدیجہ کی طرح ہیں۔[7]

حضرت زینبؑ کے دسیوں القاب ہیں من جملہ بعض مشہور القاب یہ ہیں:
عقیلۂ بنی ہاشم، عالمۃ غَیرُ مُعَلَّمَہ، عارفہ، موثّقہ، فاضلہ، كاملہ، عابدہ آل علی، معصومۂ صغری، امینۃ اللہ، نائبۃ الزہرا، نائبۃ الحسین، عقیلۃ النساء، شریكۃ الشہداء، بلیغہ، فصیحہ اور شریكۃ الحسین۔[8]

آپ نے اپنی زندگی میں بہت زیادہ مصائب کا سامنا کیا۔ جیسے رسول اللہ کی وفات، اپنی والدہ فاطمہ و حضرت علی کی زندگی کی سختیاں، شہادت امام حسن مجتبی، واقعۂ کربلا اور کوفہ و شام کی اسیری۔ ان لامحدود مصائب کی بنا پر آپ کو ام المصائب کے لقب سے زیادہ یاد کیا جاتا ہے۔[9]

حضرت زینب اتوار کی رات 15 رجب سنہ 63 ہجری کو اپنے شریک حیات عبداللہ بن جعفر کے ہمراہ سفر شام کے دوران وفات پائیں اور وہیں مدفون ہیں۔ بعض مؤرخین کا کہنا ہے کہ آپ مدینہ یا مصر میں مدفون ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امام زمانہ عج ظاہر نہیں لیکن حاضر ہیں

 

فضائل اور مناقب

علمی کمالات: کوفہ اور دربار یزید میں آیات قرآنی پر استوار حضرت زینب کا عالمانہ کلام و خطبات آپ کے علمی کمالات کا واضح ثبوت ہیں۔ آپ نے اپنے والد ماجد حضرت علیؑ اور والدہ ماجدہ حضرت زہراؑ سے احادیث بھی نقل کی ہیں.[14] اس کے علاوہ کوفہ میں حضرت علیؑ کی خلافت کے دوران خواتین کے لئے آپ کا درس تفسیر بھی آپ کے علم و دانش کا ناقابل انکار ثبوت ہے۔[15]

حضرت زينبؑ رسول اللہؐ اور علی و زہراءؑ کی بیٹی ہونے کے ساتھ ساتھ صحابیۃ الرسولؐ بھی تھیں اور منقول ہے کہ آپ روایت حدیث کے رتبے پر فائز تھیں چنانچہ محمّد بن عمرو، عطاء بن سائب، فاطمہ بنت الحسین اور دیگر نے آپ سے متعدد احادیث نقل کی ہیں۔[16] حضرت زینبؑ نے مختلف موضوعات پر مشتمل متعدد احادیث حضرات معصومینؑ سے نقل کی ہیں منجملہ: شیعیان آل رسولؐ کی منزلت، محبت آل محمد، واقعۂ فدک، ہمسایہ، بعثت وغیرہ۔

سننے والوں کیلئے آپ کے خطبات اپنے والد ماجد امیر المؤمنین حضرت علیؑ کے خطبات کی یاد تازہ کرتے تھے۔[17] کوفہ اور یزید کے دربار میں آپ کا خطبہ نیز عبیداللہ بن زیاد کے ساتھ آپ کی گفتگو اپنے والد گرامی کے خطبات نیز اپنی والدہ گرامی حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے خطبہ فدکیہ کے ساتھ مشابہت رکھتے تھے۔[18]

کوفہ میں آپ کے خطبے کے دوران ایک بوڑھا شخص روتے ہوئے کہہ رہا تھا:

"میرے ماں باپ ان پر قربان ہو جائیں، ان کے عمر رسیدہ افراد تمام عمر رسیدہ افراد سے بہتر، ان کے بچے تمام بچوں سے افضل اور ان کی مستورات تمام مستورات سے افضل اور ان کی نسل تمام انسانوں سے افضل اور برتر ہیں۔[19]

عبادت: آیت‌ اللہ خامنہ ای
زینب کبریٰ (علیہا السلام) کا حماسہ… کربلا کے حماسہ کی تکمیل ہے؛ بلکہ دوسرے لفظوں میں وہ حماسہ جو بی بی زینب کبریٰ (علیہا السلام) نے خلق کی، کربلا کے حماسہ کو زندہ رکھنے والا اور اس کا محافظ بن گیا۔ زینب کبریٰ (علیہا السلام) کا عمل اتنی عظمت کا حامل ہے کہ اسے تاریخ کے دوسرے بڑے واقعات کے ساتھ موازنہ نہیں کیا جا سکتا؛ اس کا موازنہ صرف خود کربلا کے واقعے سے کیا جا سکتا ہے؛ اور حقیقتاً یہ دونوں ایک دوسرے کے ہم پلہ ہیں۔ یہ عظیم شخصیت، یہ اسلام کی عظیم خاتون بلکہ انسانیت کی عظیم شخصیت، مشکلات کے عظیم پہاڑ کے سامنے بھی اپنا وقار بلند رکھ سکی… دشمنوں کے سامنے بھی، اور تلخ مصیبتوں اور حوادث کا سامنا کرتے ہوئے بھی، وہ ایک بلند چوٹی کی طرح استقامت کے ساتھ کھڑی رہی؛ انہوں نے درس دیا، نمونہ بن گئی، رہنمائی کی، اور پیشوا بن گئی۔ [20]

حضرت زینب كبریؑ راتوں کو عبادت کرتی تھیں اور اپنی زندگی میں آپ نے کبھی بھی نماز تہجد کو ترک نہيں کیا۔ اس قدر عبادت پروردگار کا اہتمام کرتی تھیں کہ عابدہ آل علی کہلائیں۔[21] آپ کی شب بیداری اور نماز شب دس اور گیارہ محرم کی راتوں کو بھی ترک نہ ہوئی۔ فاطمہ بنت الحسینؑ کہتی ہیں:

شب عاشور پھوپھی زینبؑ مسلسل محراب عبادت میں کھڑی رہیں اور نماز و راز و نیاز میں مصروف تھیں اور آپ کے آنسو مسلسل جاری تھے۔[22]

خدا کے ساتھ حضرت زینبؑ کا ارتباط و اتصال کچھ ایسا تھا کہ حسینؑ نے روز عاشورا آپ سے وداع کرتے ہوئے فرمایا:

"یا اختي لا تنسيني في نافلة الليل” ترجمہ: میری بہن! نماز شب میں مجھے مت بھولنا۔[23]

صبر و استقامت: حضرت زینبؑ صبر و استقامت میں اپنی مثال آپ تھیں۔ آپ زندگی میں اتنے مصائب سے دوچار ہوئیں کہ تاریخ میں آپ کو ام المصائب کے نام سے یاد کیا گیا ہے۔ کربلا میں جب اپنے بھائی حسینؑ کے خون میں غلطاں لاش پر پہونچیں تو آسمان کی طرف رخ کرکے عرض کیا:

بار خدایا! تیری راہ میں ہماری اس چھوٹی قربانی کو قبول فرما۔[24] آپ نے بارہا امام سجّادؑ کو موت کے منہ سے نکالا؛ منجملہ ان موارد میں سے ایک ابن زیاد کے دربار کا واقعہ ہے، جب امام سجّادؑ نے عبید اللہ بن زياد سے بحث کی تو اس نے آپؑ کے قتل کا حکم دیا۔ اس موقع پر حضرت زینبؑ نے بھتیجے کی گردن میں ہاتھ ڈال کر فرمایا: "جب تک میں زندہ ہوں انہیں قتل نہيں کرنے دونگی۔[25]

یہ بھی پڑھیں: طالبانیت اور فرقہ واریت کا گٹھ جوڑ: کیا ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ ہار رہے ہیں؟

 

واقعۂ کربلا

شیخ مفید امام سجاد ؑ سے یوں روایت کرتے ہیں: شب تاسوعا میں اپنے والد کے پاس بیٹھا تھا اور پھوپھی زینب میری تیمارداری میں مصروف تھیں۔ اسی اثنا میں امام حسینؑ اس خیمے میں گئے جہاں ابوذر غفاری کے غلام جوین انکے ساتھ تھے۔ آپ اپنی تلوار کو تیز کرتے ہوئے یہ شعر پڑھ رہے تھے:

یا دهر افّ لک من خلیل کم لک بالاشراق والاصیل
اے دنیا! تیری دوستی پر افسوس! کتنی صبح و شام تو نے
من صاحب او طالب قتیل والدّہر لا یقنع بالبدیل
اپنے دوستوں اور حق طلب انسانوں کو قتل کیا ہے ہاں روزگاربدیل ونظیر پر قناعت نہیں کرتا

پس امام حسین نے ان اشعار کی دو تین مرتبہ تکرار کی یہاں تک کہ میں نے آپ کے مقصود کو پا لیا، مجھ پر گریہ غالب ہوا لیکن میں آنسو پی گیا اور میں جان گیا مصیبت نازل ہونے والی ہے۔ میری پھوپھی رقت قلبی (جو عورتوں کی خصوصیت ہے) کی وجہ سے یہ سننے کی طاقت نہ لا سکی، جلدی سے اٹھیں اور میرے والد کے پاس پہنچیں تو مخاطب ہوئیں: واہ مصیبتا! کاش مجھے موت آ جاتی، آج میری ماں فاطمہ، باپ علی اور بھائی حسن فوت ہو گئے، اے گذشتگان کے جانشین! باقی رہ جانے والوں کی ڈھارس! یہ سننا تھا کہ امام حسین نے انکی طرف نگاہ کی اور فرمایا: اے بہن! شیطان تجھ پر غلبہ حاصل نہ کرلے، آپ نے بھری ہوئی آنکھوں سے فرمایا: اگر پرندے کو اپنے حال پر چھوڑ دیں تو وہ سو جائے گا۔

پس حضرت زینب ؑ نے کہا:‌ مجھ پر وائے ہو! کیا یہ بزور شمشیر تمہاری جان لیں گے؟ ایسا ہے تو یہ مجھے اور زیادہ غمگین کر دیا اور یہ میرے لئے زیادہ ناقابل برداشت ہے یہ کہہ کر پھوپھی نے اپنا چہرہ پیٹ لیا اور گریبان پارہ پارہ کر لیا، آپ بیہوش ہو کر گر گئیں۔ پس حسین ؑ اٹھے اور پانی کے چھینٹے آپ کے چہرے مارے اور فرمایا:

اے بہن! خدا کا خوف کیجئے، صبر اور شکیبائی اختیار کیجئے! جان لیجئے کہ اہل زمین اس دنیا سے چلے گئے اور نہ ہی اہل آسمان باقی نہیں رہے گے، ہر چیز فانی ہے صرف وہ وجہ اللہ باقی رہے گا جس نے اپنی قدرت سے خلق کیا اور پھر انہیں اپنی طرف لوٹائے گا اور وہ یگانہ و یکتا ہے۔ میرے والد مجھ سے بہتر تھے اور میری والدہ مجھ سے بہتر تھیں اسی طرح میرے بھائی بھی مجھ سے بہتر تھے اور رسول خدا صلّی اللّه علیہ و آلہ ہمارے اور سب مسلمانوں کیلئے نمونۂ عمل ہیں۔
امام نے ان الفاظ کے ساتھ انکی دلداری کی اور فرمایا: اے بہن! میں تمہیں خدا کی قسم دیتا ہوں تم میرے بعد اس قسم کو مت توڑنا، جب دیگران پر حزن و غم طاری ہو تو آپ میری خاطر اپنا گریبان چاک نہ کریں، چہرہ مت پیٹیں اور بے صبری کا مظاہرہ نہ کریں۔ یہ کہہ کر حضرت زینب کو میرے پاس بٹھا دیا اور اپنے اصحاب کے پاس چلے گئے۔[26]

عصر عاشور جب سیدہ زینبؑ نے دیکھا کہ امام حسینؑ خاک کربلا پر گرے ہوئے ہیں اور دشمنان دین نے آپ کے مجروح جسم کو گھیرے میں لے کر آپ کے قتل کا ارادہ رکھتے ہیں تو آپ خیمے سے باہر آئیں اور عمر ابن سعد سے مخاطب ہوکر فرمایا:

"يابن سَعد! أَیُقتَلُ اَبُو عبد اللهِ وَأَنتَ تَنظُرُ اِلَيهِ؟”. (ترجمہ: اے سعد کے بیٹے! ابو عبد اللہ (امام حسنؑ) کو قتل کیا جارہا ہے اور تو تماشا دیکھ رہا ہو؟!).[27] ابن سعد خاموش رہا اور زینب کبریؑ نے بآواز بلند پکار کر کہا: "وا اَخاهُ وا سَیِّداهُ وا اَهْلِ بَیْتاهْ، لَیْتَ السَّماءُ اِنْطَبَقَتْ عَلَی الْاَرضِ وَ لَیْتَ الْجِبالُ تَدَکْدَکَتْ عَلَی السَّهْل”.(ترجمہ: آہ میرے بھائی! آہ میرے سید و سرور! آہ اے خاندان پیغمبرؐ! کاش آسمان زمین پر گرتا اور پہاڑ ریزہ ریزہ ہوکر صحراؤں پر گرجاتے)[28]

حضرت زینبؑ نے یہ جملے ادا کرکے تحریک کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا۔ آپ اپنے بھائی کی بالین پر پہنچیں اور آسمان کی طرف دیکھ کر بارگاہ رب متعال میں عرض گزار ہوئیں: "اے میرے اللہ! یہ قربانی ہم سے قبول فرما![29]

 

بھائی کی شہادت کا رد عمل

حضرت زینبؑ بھائی امام حسینؑ کے بے جان جسم کے پاس کھڑے ہوکر مدینہ کی طرف رخ کیا اور دل گداز انداز ميں نوحہ گری کرتے ہوئے کہا:

"وا محمداه بناتك سبايا و ذريتك مقتلة تسفي عليهم ريح الصبا، و هذا الحسين محزوز الرأس من القفا مسلوب العمامة و الردا، بابي من اضحي عسكره في يوم الاثنين نهبا، بابي من فسطاطه مقطع العري، بابي من لا غائب فيرتجي و لا جريح فيداوي بابي من نفسي له الفدا، بابي المهموم حتي قضي، بابي العطشان حتي مضي، بابي من شيبته تقطر بالدماء، بابي من جده محمد المصطفي، بابي من جده رسول اله السماء، بابي من هو سبط نبي الهدي، بابي محمد المصطفي، بابي خديجة الكبري بابي علي المرتضي، بابي فاطمة الزهراء سيدة النساء، بابي من ردت له الشمس حتي صلي”.

ترجمہ: اے محمد یہ آپ کی بیٹیاں ہیں جو اسیر ہوکر جارہی ہیں۔ یہ آپ کے فرزند ہیں جو خون میں ڈوبے زمین پر گرے ہوئے ہیں، اور صبح کی ہوائیں ان کے جسموں پر خاک اڑا رہی ہیں! یہ حسین ہے جس کا سر پشت سے قلم کیا گیا اور ان کی دستار اور ردا کو لوٹ لیا گیا؛ میرا باپ فدا ہو اس پر جس کی سپاہ کو سوموار کے دن غارت کی گئیں، میرا باپ فدا ہو اس پر جس کے خیموں کی رسیاں کاٹ دی گئیں! میرا باپ فدا ہو اس پر جو نہ سفر پر گیا ہے جہاں سے پلٹ کر آنے کی امید ہو اور نہ ہی زخمی ہے جس کا علاج کیا جاسکے! میرا باپ فدا ہو اس پر جس پر میری جان فدا ہے؛ میرا باپ فدا ہو اس پر جس کو غم و اندوہ سے بھرے دل اور پیاس کی حالت میں قتل کیا گیا؛ میرا باپ فدا ہو اس پر جس کی داڑھی سے خون ٹپک رہا تھا! میرا باپ فدا ہو جس کا نانا رسول خداؐ ہے اور وہ پیامبر ہدایتؐ، اور خدیجۃالکبریؑ اور علی مرتضیؑ، فاطمۃالزہراؑ، سیدة نساء العالمین کا فرزند ہے، میرا باپ فدا ہو اس پر وہی جس کے لئے سورج لوٹ کے آیا حتی کہ اس نے نماز ادا کی. [30] حضرت زینبؑ کے کلام اور آہ و فریاد نے دوست اور دشمن کو متاثر و مغموم کیا اور سب کو رلا دیا.[31]

یہ بھی پڑھیں: پاراچنار جل رہا ہے

 

دربار كوفہ

:مقالهٔ اصلی: کوفہ میں حضرت زینب کا خطبہ
عاشورا کے بعد اہل بیت کے اسیروں کو بازار میں لایا گیا۔ کوفہ میں زینب بنت علی نے ایک اثردار خطبہ دیا جس نے لوگوں پر بہت زیادہ اپنا اثر چھوڑا۔

بُشر بن خُزیم اسدی حضرت زینبؑ کے خطبے کے بارے میں کہتا ہے:

اس دن میں زینب بنت علیؑ کو دیکھ رہا تھا؛ خدا کی قسم میں نے کسی کو خطابت میں ان کی طرح فصیح و بلیغ نہیں دیکھا؛ گویا امیرالمؤمنین علی بن ابیطالبؑ کی زبان سے بول رہی تھیں۔ آپ نے لوگوں سے مخاطب ہو کر ایک غضبناک لہجے میں فرمایا: "خاموش ہوجاؤ”! تو نہ صرف لوگوں کا وہ ہجوم خاموش ہوا بلکہ اونٹوں کی گردن میں باندھی گھنٹیوں کی آواز آنا بھی بند ہوگئی۔[32] حضرت زینب کا خطاب اختتام پذیر ہوا لیکن اس خطبے نے کوفہ میں ایک ہیجانی کیفیت پیدا کر دی تھی اور لوگوں کی نفسیاتی کیفیت بدل گئی تھی۔ راوی کہتا ہے: کہ علیؑ کی بیٹی کے خطبے نے کوفیون کو حیرت زدہ کر دیا تھا اور لوگ حیرت سے انگشت بدندان تھے۔
خطبے کے بعد شہر میں [یزیدی] حکومت کے خلاف عوامی بغاوت کی علامات ظاہر ہونے لگیں چنانچہ اس حکومت کے خلاف احتمالی بغاوت کے سد باب کیلئے اسیروں کو حکومت کے مرکزی مقام دار الامارہ لے جانے حکم دیا گیا۔[33]

حضرت زینبؑ دیگر اسیروں کے ہمراہ دارالامارہ میں داخل ہوئیں اور وہاں حاکم کوفہ عبید اللہ بن زياد کے ساتھ آپ نے مناظرہ کیا۔[34]

حضرت زینبؑ کی تقریر نے عوام پر گہرے اثرات مرتب کئے اور بنو امیہ کو رسوا کردیا۔ اس کے بعد عبید اللہ بن زياد نے اسیروں کو قید کرنے کا حکم دیا ۔کوفہ اور دارالامارہ میں حضرت زينبؑ کے خطبات، امام سجادؑ، ام کلثوم اور فاطمہ بنت الحسین کی گفتگو، عبداللہ بن عفیف ازدی اور زید بن ارقم کے اعتراضات نے کوفہ کے عوام میں جرأت پیدا کر دی یوں ظالم حکمران کے خلاف قیام کا راستہ ہموار ہوا؛ کیونکہ کوفہ والے حضرت زینبؑ کا خطبہ سننے کے بعد نادم و پشیمان ہوگئے اور خاندان عصمت و طہارت کے قتل کا بدنما داغ جو ان کی پیشانی پر کلنک کا ٹیکہ بن گیا تھا کو مٹانے کیلئے راہ کسی راہ حل تلاش کرنے لگے یوں ایک نئے جوش و جذبے کے ساتھ آخرکار مختار کی قیادت میں خون حسین بن علی کے انتقام کیلئے قیام کیا۔

 

شام

واقعۂ کربلا کے بعد یزید نے ابن زیاد کو اسرائے اہل بیت کو شہیدوں کے سروں کے ہمراہ شام بھیجنے کا حکم دیا۔ چنانچہ اہل بیت اطہارؑ کا یہ کاروان شام روانہ ہوا۔[35]

اسرائے اہل بیتؑ کے شام میں داخل ہوتے وقت یزید کی حکومت کی جڑیں مضبوط تھیں؛ شام کا دار الخلافہ دمشق جہاں لوگ علیؑ اور خاندان علی کا بغض اپنے سینوں میں بسائے ہوئے تھے؛ چنانچہ یہ کوئی حیرت کی بات نہ تھی کہ لوگوں نے اہل بیت رسولؐ کی آمد کے وقت نئے کپڑے پہنے شہر کی تزئین باجے بجاتے ہوئے لوگوں پر خوشی اور شادمانی کی کیفیت طاری تھی گویا پورے شام میں عید کا سماں تھا۔[36]

لیکن اسیروں کے اس قافلے نے مختصر سے عرصے میں اس شہر کی کایہ ہی پلٹ کر رکھ دی۔ امام سجّادؑ اور حضرت زینبؑ نے خطبوں کے ذریعے صراحت و وضاحت کے ساتھ بنی امیہ کے جرائم کو بے نقاب کیا جس کے نتیجے میں ایک طرف سے شامیوں کی اہل بیت دشمنی، محبت میں بدل گئی اور دوسری طرف سے یزید کو عوامی غیظ و غضب کا سامنا کرنا پڑا تب یزید کو معلوم ہوا کہ امام حسینؑ کی شہادت سے نہ صرف اس کی حکومت کی بنیادیں مضبوط نہیں ہوئیں بلکہ اس کی بنیادیں کھوکھلی ہونے شروع ہو گئی تھی۔

 

دربار یزید

یزید نے ایک با شکوہ مجلس ترتیب دیا جس میں اشراف اور سیاسی و عسکری حکام شریک تھے۔[37] اس مجلس میں یزید نے اسیروں کی موجودگی میں [وحی، قرآن، رسالت و نبوت کے انکار پر مبنی] کفریہ اشعار کہے اور اپنی فتح کے گن گائے اور قرآنی آیات کی اپنے حق میں تاویل کی۔[38]

دربار یزید میں حضرت زینب کا خطبہ: حضرت زینبؑ نے یزید سے مخاطب ہوکر فرمایا: فكد كيدك واسع سعيك وناصب جهدك فوالله لا يرحض عنك عار ما اتيت إلينا ابدا والحمد الذي ختم بالسعادة والمغفرة لسادات شبان الجنان فأوجب لهم الجنة اسال الله ان يرفع لهم الدرجات وان يوجب لهم المزيد من فضله فإنه ولي قدير". (ترجمہ: تو جو بھی مکر و حیلہ کرسکتا ہے کرلے، اور [خاندان رسولؐ] کے خلاف جو بھی سازشین کرسکتا ہے کرلے لیکن یاد رکھنا تو ہمارے ساتھ اپنا روا رکھے ہوئے برتاؤ کا بدنما داغ کبھی بھی تیرے نام سے مٹ نہ سکے گا، اور تعریفیں تمام تر اس اللہ کے لئے ہیں جس نے جوانان جنت کے سرداروں کو انجام بخیر کردیا ہے اور جنت کو ان پر واجب کیا ہے؛ خداوند متعال سے التجا کرتی ہوں کہ ان کی قدر و منزلت کے ستونوں کور رفیع تر کردے اور اپنا فضل کثیر انہيں عطا فرمائے؛ کیونکہ وہی صاحب قدرت مددگار ہے۔)

مآخذ، شہیدی، زندگانی حضرت فاطمہ زہرا، ص260۔

یزید نے اپنے ہاتھ میں موجود چھڑی کے ساتھ امام حسینؑ کے مبارک لبوں کی بے حرمتی کرنا شروع کیا[39] اور رسول اکرمؐ اور آپ کی آل کے ساتھ اپنی دشمنی کو علنی کرتے ہوئے کچھ اشعار پڑھنا شروع کیا جن کا مفہوم کچھ یوں ہے:

"اے کاش میرے آباء و اجداد جو بدر میں مارے گئے زندہ ہوتے اور دیکھتے کہ قبیلہ خرزج کس طرح ہماری تلواروں کی ستم کا نشانہ بنا ہے، تو وہ اس منظر کو دیکھ کر خوشی سے چیخ اٹھتے: اے یزید! تہمارے ہاتھ کبھی شل نہ ہو! ہم نے بنی‌ ہاشم کے بزرگان کو قتل کیا اور اسے جنگ بدر کے کھاتے میں ڈال دیا اور اس فتح کو جنگ بدر کی شکست کے مقابلے میں قرار دیا۔ بنی ہاشم نے سیاسی کھیل کھیلا تھا ورنہ نہ آسمان سے کوئی چیز نازل ہوئی ہے اور نہ کوئی وحی اتری ہے۔[40] میں خُندُف[41] کے نسل میں سے نہیں ہو اگر احمد(حضرت محمد) کی اولاد سے انتقام نہ لوں۔
اتنے میں مجلس کے ایک کونے سے حضرت زینبؑ اٹھی اور بلند آواز میں خطبہ ارشاد فرمایا۔ یزید کے دربار میں جناب زینبؑ کے اس خطبے نے امام حسینؑ کی حقّانیت اور یزید

 

خطبے کے فوری اثرات

حضرت زینبؑ کے منطقی اور اصولی خطبے نے دربار یزید میں موجود حاضرین کو اس قدر متأثر کیا خود یزید کو بھی اسرائے آل محمد کے ساتھ نرمی سے پیش آنے پر مجبور کیا اور اس کے بعد اہل بیتؑ کے ساتھ کسی قسم کی سخت رویے سے پرہیز کرنا پڑا۔[42]

دربار میں حضرت زینبؑ کی شفاف اور دوٹوک گفتگو سے یزید کے اوسان خطا ہونے لگے اور مجبور ہو کر اس نے امام حسینؑ کے قتل جیسے جرم کو ابن زیاد کی گردن پر ڈالتے ہوئے اسے لعن طعن کرنا شروع ہو گیا۔ [43]

یزید نے اپنے کارندوں سے اسرائے آل محمد کے بارے میں مشورہ کیا کہ ان کے ساتھ کیا سلوک کیا جائے؟ اس موقع پر اگرچہ بعض نے اسے مشورہ دیا کہ ان کو بھی قتل کیا جائے لیکن نعمان بن بشیر نے اہل بیتؑ کے ساتھ نرمی سے پیش آنے کا مشورہ دیا۔[44] اسی تناظر میں یزید نے اسرائے اہل بیت کو شام میں کچھ ایام عزاداری کرنے کی اجازت دے دی۔ بنی امیہ کی خواتین منجملہ ہند یزید کی بیوی شام کے خرابے میں اہل بیتؑ سے ملاقات کیلئے گئیں اور رسول کی بیٹیوں کے ہاتھ پاؤں چومتی اور ان کے ساتھ گریہ و زاری میں شریک ہوئیں۔ تین دن تک خرابہ شام میں حضرت زینبؑ نے اپنے بھائی پر ماتم کیا۔[45]

آخرکار اسرائے اہل بیتؑ کو عزت و احترام کے ساتھ مدینہ پہنچایا گیا۔[46]

 

حوالہ جات

ابن اثیر، أسدالغابۃ، 1409 ھ، ج6، ص132 ابن اثیر، أسدالغابۃ، 1409 ھ، ج6، ص132
کحّالہ، أعلام النساء، 2008،‌ ج2، ص91
ابوالحسن العلوی، اخبار الزینبیات، 1410 ھ، ص23
ابن منظور، لسان العرب، 1414 ھ، ‌ج1، ص453، ‌ذیل واژہ «زنب»
مرتضی زبیدی، تاج العروس، 1414 ھ، ج2، ص60
شریف القرشی، السیدہ زینب، 1422 ھ، ص39
جزائری، الخصائص الزینبیۃ، 1425 ھ، ص44
نور الدین جزائری، الخصائصۃ الزینبیۃ، ص 52و53
امین، اعیان الشیعہ، 1406 ھ، ج7، ص137
قزوینی، محمد کاظم، زینب الکبری من المہد الی اللحد،ص434
ابن عساکر، اعلام النسا، ص190؛ ریاحین الشریعہ، ج3، ص41
مفید، الارشاد فی معرفۃ حجج اللہ علی العباد، 1413 ھ، ج2، ص125
امین، اعیان الشیعۃ، ج7، ص137
ابن عساکر،اعلام النسا، ص189
دلائل الامامہ طبری، ج 3. ذبیح الله محلّاتی، ،ص57
نہج البلاغہ ابن ابی الحدید، ج 16، ص 210؛ وسایل الشیعہ، ج 1، ص 13 و 14 و بحارالانوار، ج 6، ص 107
احمد بہشتی، زنان نامدار در قرآن و حدیث، ص51
سید کاظم ارفع، حضرت زینب ؑ سیرہ عملی اہل بیت، ص 88
سید ابن طاؤس، اللہوف، ص 179؛ مجلسی، بحارالانوار، ج45، ص110
بیانات در دیدار پنجاه هزار فرمانده بسیج سراسر کشور»، دفتر حفظ و نشر آثار آیت‌الله العظمی خامنه‌ای
جعفر النقدی، ، ص 61
محلاتی، ریاحین الشریعہ، 1349ہجری شمسی، ج3، ص62
ذبیح الله محلّاتی، ج 3ص62/ جعفر النقدی، ، ص
سید علی نقی فیض الاسلام، خاتون دوسرا، ص 185
محمّد باقر مجلسی، بحار الانوار، ج 45، ص 117
مفید، الارشاد، 1372ہجری شمسی، ج2، ص93-94
علی نظری منفرد، قصّه كربلا، ص 371
سید بن طاووس، ص 159و161 / سید عبدالرزاق موسوی، مقتل مقرم، ترجمہ عزیز الہی كرمانی، ص 192
علی نقی فیض الاسلام، ، ص 185
ابو مخنف، وقعۃ الطف، ص 259؛ محمّد باقر مجلسی، بحار الانوار، ج 45، ص 59
ابو مخنف، وقعۃالطف، ص 295 / محمّد بن جریر طبری، تاریخ الامم و الملوك، قاهره، مطبعة الاستقامه، 1358، ج 5، ص 348ـ349؛ محمّد باقر مجلسی، بحار الانوار، ج 45، ص 59
احمد صادقی اردستانی، ، ص 227ـ228
احمد صادقی اردستانی، ، ص 246
ابو مخنف، وقعۃالطف، ص 299و 300؛ شیخ مفید، الارشاد، قم، المؤتمر للشیخ مفید، 1413، ص 353 / محمّد باقر مجلسی، بحار الانوار، ج 45، ص 117
شہید سید عبدالكریم ہاشمی نژاد، ص 326
محمّد محمّدی اشتهاردی، ص 327ـ328
سید عبدالكریم هاشمی نژاد، ، ص 330
محمّد محمّدی اشتهاردی، ص 248
حسن الہی، زینب كبری عقیلہ بنی ہاشم، ص208
ابو مخنف، وقعۃ الطف، ص306و307؛ سید ابن طاؤس، اللہوف، ص213
خندُف” یزید کی دادی تھی وہ اور یزید کے درمیان 13 پشتوں کا فاصلہ تھا
مجلسی، بحار الانوار، ج45، ص135؛ سید ابن طاؤس، اللہوف، ص221
شیخ مفید، الارشاد، ص358؛ حسن الہی، زینب كبری عقیلہ بنی ہاشم، ص244
مجلسی، بحار الانوار، ج45، ص135؛ سید ابن طاؤس، اللہوف، ص221
ابو مخنف، وقعۃالطف، ص311؛ شیخ عبّاس قمی، نفس المہموم، ص265
ابن عساکر، اعلام النسا، ص191
سورہ آل عمران (3) آیت 178؛ اردو ترجمہ سید علی نقی (نقن
مجلسی، بحار الانوار، ص133
حمله تروریستی به حرم حضرت زینب در سوریه»، سایت شبکه خبر؛«حمله به حرم حضرت زینب(س)»، سایت تابناک

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button