ابراہیم رئیسی کی امت کے اتحاد، پاک ایران تعلقات کی مضبوطی کیلئے کاوشیں قابل قدر تھیں، حافظ نعیم الرحمان
شیعہ نیوز: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے قائمہ کمیٹی برائے سیاسی امور کو ملک گیر پرامن عوامی مزاحمت کے لائحہ عمل کی تیاری کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے اس عہد کا اعادہ کیا ہے کہ جماعت اسلامی فارم 47 کی پیداوار جعلی حکومت کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی، عوام کو درپیش مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی جیسے گھمبیر مسائل کے حل کے لیے ماس موبلائزیشن کی جائے گی، کارکنوں کو بڑی تحریک کے لیے تیار کیا جائے۔ منصورہ میں ہونے والے اجلاس کا آغاز ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر رہنماوں کی ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہادت پر دعائے مغفرت سے ہوا۔ امیر جماعت نے ابراہیم رئیسی کی امت کے اتحاد، پاک ایران تعلقات کی مضبوطی کے لیے کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ایران نے ابراہیم رئیسی کی قیادت میں اہل غزہ اور حماس کے حق میں جاندارنہ موقف اختیار کیا جسے جماعت اسلامی اور پوری پاکستانی قوم تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے۔ قائمہ کمیٹی برائے سیاسی امور کے اجلاس میں نائب امیر و صدر کمیٹی لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری کمیٹی عنایت اللہ و دیگر قائدین نے شرکت کی۔
امیر جماعت نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ قومی ایجنڈا کی تکمیل کے لیے ایسا منصوبہ مرتب کیا جائے کہ جس کے نتیجہ میں برپا ہونے والی تحریک میں ملک بھر سے تمام طبقہ ہائے فکر اور خصوصی طور پر نوجوانوں اور خواتین کی شرکت ہو۔ ملک میں مسلط رہنے والے امریکہ نواز حکمران ٹولہ نے نوجوانوں کو مایوس کردیا ہے، آئی ایم ایف کی تابعداری میں ایسی معاشی پالیسیاں دی گئیں جس سے قومی معیشت کا جنازہ نکل گیا، عوام ٹیکسز کے بوجھ تلے دب کر رہ چکے ہیں، حکمران طبقہ عیاشیوں میں مصروف، ریاستی وسائل پر مکمل قابض ہے، بجلی اور گیس کے ٹیرف میں مزید اضافہ تجویز کیا جارہا ہے جبکہ پٹرولیم لیوی اور کاربن ٹیکس جیسے عوام دشمن اقدامات کی بھی تیاری ہورہی ہے۔ ملک میں قانون وانصاف نام کی کوئی چیز نہیں، الیکشن میں عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا، جعلی اسمبلیوں سے سوشل میڈیا کا گلا گھونٹنے کے قوانین پاس ہورہے ہیں، کے پی اور بلوچستان میں دہشت گردی واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، سندھ میں ڈاکو راج ہے، کراچی میں تمام پانچ ہزار پولنگ سٹیشن سے ہارنے والی جماعت کو تمام سیٹیں دے دی گئیں، پنجاب میں پولیس دندناتی پھر رہی ہے، لوگوں کے گھروں پر بے جا چھاپے مارے جارہے ہیں، اس تمام صورتحال میں جماعت اسلامی ہرگز خاموش نہیں رہ سکتی، مظلوموں کی آواز بنیں گے۔