
امپورٹڈ حکمرانوں کو انتخابات سے راہ فرار کا راستہ نہیں ملے گا، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز:متحدہ علماء بورڈ پنجاب اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ راجن پور میں نواز لیگ کی شکست تحریک انصاف کے بیانیے کی فتح ہے۔ امپورٹڈ حکمرانوں کو انتخابات سے راہ فرار کا راستہ نہیں ملے گا۔ ہزار منفی ہتھکنڈوں کے باوجود انتخابات کروانے پڑیں گے۔ جیل بھرو تحریک عاقبت نااندیش حکمرانوں کیلئے وبال چکی ہے۔ اسیران کو نظربند کرکے تیس تیس دن کیلئے دوردراز کے علاقوں کی جیلوں میں بند کرنے سے حوصلے کمزور نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور معاشی حالات نے غریب کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ تجربہ کار نااہلوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے۔ اربوں روپے معاف کرانے والے غریب کا درد محسوس کریں۔
صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 42 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ بلاول بھٹو مہنگائی کنٹرول کرنے کی بجائے نیب قانون کے ذریعے ججز کو قابو میں لانا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو کا بیان آزاد عدلیہ کی توہین ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا مہنگائی کے سونامی نے معاشرے میں تباہی و بربادی مچا رکھی ہے۔ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ قوم امپورٹڈ حکومت سے نجات چاہتی ہے۔ اشرافیہ نے غریب عوام کا خون بھی چوس لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کا کوئی پُرسان حال نہیں۔ غربت کی آگ میں جلتے عوام کی بددعائیں حکمرانوں کو لے ڈوبیں گی۔ سپریم کورٹ مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ حکمرانوں نے عوام کو بھکاری بنا دیا ہے۔ عوام انتخابات میں آزمائی ہوئی جماعتوں کو مسترد کر دیں گے۔