عرب امارات میں سرمایہ کاری صفر ہوجائے گی، یمنی رہنما
شیعہ نیوز:یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سینیئر رکن محمد البخیتی خبردار کیا کہ متحدہ عرب امارات میں بیرونی سرمایہ کاری صفر تک پہنچ جائے گی۔
یمن کے مختلف علاقوں پر جارح سعودی اتحاد کے حملوں میں شدت کے بعد صنعا کی حکومت نے غاصب ملکوں اور متحدہ عرب امارات کو سخت خبردار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق صنعا کے اس انتباہ کے بعد پیر کی صبح سویرے ایک بار پھر متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی اور جنوبی سعودی عرب میں دھماکے ہوئے ہیں۔ یمنی فوج کی جانب سے کیے جانے والے ان حملوں کے بعد ابوظہبی کے حصص کا بازار دو اعشاریہ دو فی صد جبکہ دبئی کا حصص بازار صفر اعشاریہ تین فی صد نیچے چلا گیا۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سینیئر رکن محمد البخیتی نے اپنے ملک کے مشرقی علاقوں میں متحدہ عرب امارات کے جارحانہ اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امارات والوں نے ابھی عبرت حاصل نہیں کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات امریکی اور اسرائیلی مفادات کے لیے کام کر رہا ہے اور اسے اپنے کیے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ البخیتی نے مزید کہا کہ یمن اور استقامتی محاذ کشیدگی میں اضافے کا ذمہ دار نہیں یہ امریکہ اور اس کے اتحادی ہیں جو کشیدگی میں مسلسل اضافہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔