عراق میں دہشت گردوں کا تعاقب، فوجی آپریشن کے تیسرے مرحلے کا آغاز
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) داعشی دہشت گردوں کے تعاقب کے لئے شمالی عراق میں فوجی آپریشن کا تیسرا مرحلہ عراق کے وزیر اعظم کی موجودگی میں شروع ہو گیا۔
عراق کی مسلح افواج کے ہیڈکوارٹر کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ اس بڑے آپریشن میں عراقی فوج، پولیس فورس اور عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی مشترکہ طور پر حصہ لے رہی ہے تاکہ صوبے دیالہ میں داعشی دہشت گردوں کا بھرپور طریقے سے تعاقب اور اس صوبے سے دہشت گردوں کا صفایا کیا جا سکے۔
اس فوجی آپریشن کی، عراق کے وزیر اعظم عادل عبدالمہدی، مسلح افواج کے کمانڈر، عراق کے وزرائے داخلہ و دفاع اور عوامی فورس الحشدالشعبی کے ڈپٹی کمانڈر نگرانی کر رہے ہیں۔
الحشدالشعبی نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ عوامی رضاکار فورس کو عراقی فضائیہ کی حمایت حاصل ہے اور اس حمایت سے فوجی آپریشن کا تیسرا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
اس فوجی آپریشن میں شمال میں جلولا و المقدادیہ، اور جنوبی موصل میں عطشانہ اور بادوش پہاڑیوں سےتکفیری دہشت گردوں کا صفایا کیا جا رہا ہے تاکہ عراق سے دہشت گرد گروہ داعش کے باقی بچے تمام عناصر کا بھی خاتمہ کیا جا سکے۔