عراق، اربعین کے زائرین کی تعداد 32 لاکھ سے تجاوز کر گئی
شیعہ نیوز: عراق کے بارڈر کراسنگز کی تنظیم نے اربعین حسینی کے زائرین کی تازہ تعداد کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ زائرین کی تعداد 32 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔ فارس نیوز کے مطابق عراق کی بارڈر کراسنگز کی تنظیم کے ترجمان "علاءالدین القیسی” نے آج دوپہر (جمعہ) کو اس ملک کی سرکاری خبر رساں ایجنسی واع کو بتایا کہ 6 اگست سے 22 اگست تک عراق میں داخل ہونے والے زائرین کی تعداد 32 لاکھ 80 ہزار 169 سے تجاوز کر چکی ہے۔ القیسی نے بتایا کہ زائرین 10 راستوں یعنی سفوان، شلمچہ، زرباطیہ (مہران بارڈر)، شیب (چذابه بارڈر)، المنذریہ (خسروی بارڈر)، القائم، بغداد ایئرپورٹ، نجف اشرف ایئرپورٹ، حاج عمران (تمرچین بارڈر) اور باشماق کے ذریعے عراق میں داخل ہوئے ہیں۔
عراق کی بارڈر کراسنگز کی تنظیم کے ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ ان گذرگاہوں سے عراق چھوڑنے والے افراد کی تعداد 18 لاکھ 78 ہزار 533 رہی ہے۔ اربعین حسینی میں صرف دو دن باقی ہیں، اور اس دوران عراق کی الحشدالشعبی تنظیم اور فوج کے کئی بریگیڈز مختلف مقامات پر زائرین کے راستے میں تعینات ہو چکے ہیں۔ الحشدالشعبی کے حکام نے خبر دی ہے کہ اس تنظیم کے اہلکار زائرین کی خدمت اور ان کے سفر کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہیں۔