اسرائیل کا شام پر ایک اور میزائل حملہ، ایئر ڈیفنس نے ناکام بنا دیا
شیعہ نیوز : شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا نے غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے کئے گئے میزائل حملے کے ملکی ایئر ڈیفنس سسٹمز کے ذریعے ناکام بنا دیئے جانے کی اطلاع دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رات کے اندھیرے میں ملکی ایئرڈیفنس سسٹمز نے دارالحکومت دمشق کی فضائی حدود کے اندر چند ایک اہداف کو نشانہ بنا کر ہوا میں تباہ کر دیا ہے جو دراصل اسرائیلی میزائل تھے۔
سانا کے مطابق شامی ایئرڈیفنس سسٹمز نے ملکی فضائی حدود کے خلاف ہونے والی اسرائیلی جارحیت کا کامیابی کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے شامی عوام پر ہونے والے میزائل حملوں کا سلسلہ وقتا فوقتا جاری رہتا ہے جبکہ ہونے والے اکثر حملوں کو شامی ایئرڈیفنس سسٹمز کے ذریعے ناکام بنا دیا جاتا ہے۔
شام کی حکومت نے بارہا کہا ہے کہ صیہونی حکومت اور اس کے مقامی عرب اور مغربی اتحادی، متحارب تکفیری گروہوں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
شام کی فوج نے تکفیری دہشت گردوں سے اسلحے اور گولہ بارود کی متعدد کھیپیں پکڑی ہیں جو اسرائیل سے بھیجی گئيں تھيں۔
دوسری طرف شامی حکومت بھی بارہا اعلان کر چکی ہے کہ داعش سمیت شامی عوام کے خلاف برسرپیکار عالمی دہشت گردوں کو اسرائیل کی کھلی حمایت حاصل ہے۔