اہم پاکستانی خبریں

عوام کیلیے مہنگائی کا طوفان لانے سے بہتر ہے کہ حکومت چھوڑ دی جائے، مریم نواز

شیعہ نیوز:مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عام کیلیے مہنگائی کا طوفان لانے سے بہتر ہے کہ حکومت چھوڑ دی جائے، پاکستان کی بدقسمتی تھی کہ ایک نااہل اور نالائق کو عوام پر مسلط کر دیا گیا، ازل کا جھوٹا غیر ملکی سازش اور اپنے قتل کا ڈرامہ لیکر آگیا۔ سرگودھا میں عوامی جلسہ سے خطاب کے دوران انہوں نے حکومت میں رہنے یا نہ رہنے سے متعلق سوال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں رہنا چاہیے یا چھوڑ دینی چاہیے، شہباز شریف کرسی چھوڑ دے گا لیکن عوام کو مشکل میں نہیں ڈالے گا، میرے خیال میں تو ایسی حکومت چھوڑ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کہتا ہے ایک روپیہ لیٹر بھی بڑھانا پڑتا ہے تو دل پر قیامت گزرتی ہے، اگر نواز شریف حکومت چھوڑتا ہے تو دوتہائی حکومت دو گے؟۔ نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عمران خان نے 4 سال سب کچھ تباہ کیا، اب کہتا ہے 4 ہفتے میں شہباز شریف نے کیا کیا؟ ساڑھے تین سال میں معیشت تباہ ہو کر وینٹی لیٹر پر چلی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹے نے قتل کرنے کی سازش کا ڈرامہ لا کر بھی ثبوت نہیں دیا، ساڑھے تین سال میں ایک اینٹ لگائے بغیر پاکستان کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیا گیا، قرضوں کے بوجھ تلے عوام کو دبا دیا، عمران خان بال نوچے، دانت پیسے یا الٹے لٹکے اس کا کھیل خم شد ہوگیا۔ مریم نواز نے کہا کہ چار ہفتوں سے شہباز شریف کی حکومت ہے، نالائق 40 تقریریں کرچکا ہے، ایک منٹ اپنی کارکردگی پر نہیں بول سکا، ازل کے جھوٹے نے 35 پنکچر کا ڈراما لا کر ثبوت نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کو آزادی کے بھاشن دیتا ہے، خود مختاری کے بھاشن دیتا ہے، ریاست مدینہ کے دعوے دار کے کتے ایک دن میں اتنا گوشت کھا جاتے ہیں جتنا بنی گالہ کے اطراف کی آبادی کے لوگ ایک مہینے میں نہیں کھاتے، عمران خان نے مریم نواز کو نہیں بلکہ پنجاب کی ہربیٹی کو گالی دی ہے۔

نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ عدلیہ میرے حق میں فیصلہ نہ دے تو وہ بکی ہوئی ہے، الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کھولے تو جانبدار ہے، الیکشن میں جیتوں گا ورنہ دھاندلی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران پاکستانی ریاست کے آستین میں بیٹھے سانپ کا نام ہے، جس جس نے عمران کو دودھ پلایا اس نے اسی کو ڈس لیا، عمران خان ایک فتنے کا نام ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button