جعفریہ الائنس کا بھارت کیخلاف جمعہ کو احتجاج کا اعلان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جعفریہ الائنس پاکستان نے بھارتی ظلم و جبر کے خلاف بروز جمعہ 9 اگست کو ملک بھر میں بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جعفریہ الائنس پاکستان کی کابینہ کا ہنگامی اجلاس بارگاہ حسینی کراچی میں منعقد ہوا، جس میں علامہ باقر زیدی، علامہ فرقان حیدر عابدی، علامہ نثار قلندری، شبر رضا، ثروت رضوی، یعقوب شہباز، قاسم رضوی، شہزاد رضا، نیئر علی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جعفریہ الائنس کے سینئر نائب صدر علامہ حسین مسعودی نے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 اور شق 35 اے ختم کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی جیسی مکار حکومت سے کچھ بعید نہیں، البتہ پاکستان امن کا موقع فراہم کر رہا تھا، بھارت کی نام نہاد جمہوریت کا مکروہ چہرہ دنیا نے دیکھ لیا ہے، کشمیر میں جس طرح مظلوم عوام پر ظلم و ستم روا رکھا گیا ہے، تاریخ میں اس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی حسین وادیاں لہو رنگ ہیں، جو بھارتی نام نہاد جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہیں، کلسٹر بموں کا شہری آبادیوں پر استعمال بھارتی جارحیت و ظلم کی انتہاء ہے۔
علامہ حسین مسعودی نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارتی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لینا چاہیے، مودی اب گجرات کے بعد کشمیر کا قصاب بن کر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امہ کے مسائل کا حل اتحاد میں مضمر ہے، او آئی سی کو آئی سی یو سے نکال کر صحیح معنوں میں فعال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حریت رہنماؤں کی گرفتاریوں خصوصاً دوران حراست یاسین ملک کی صحت سے متعلق اطلاعات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک کوفی الفور رہا کرکے طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، جنوبی ایشیا میں امن کیلئے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل نکالا جائے، اس حوالے سے بھارت ہٹ دھرمی و دہشتگردی کو ترک کرکے پاکستان کے مذاکرات کی پیشکش پر مثبت ردعمل کا مظاہرہ ہے، البتہ یہ بھی یاد رکھے کہ امن کی خواہش پاکستان کی کمزوری نہیں بلکہ ہم ایٹمی قوت ہیں، کوئی میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتا، مادر وطن کی حفاظت کیلئے ہم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بھارتی ظلم و جبر کے خلاف جعفریہ الائنس پاکستان بروز جمعہ 9 اگست کو ملک بھر میں بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے کرے گی۔