پاکستانی شیعہ خبریں

جے ڈی سی کے تحت بین المذاہب قومی میلاد کانفرنس

شیعہ نیوز: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ایام ولادت باسعادت حضرت محمد مصطفیٰ (ص) اور حضرت امام جعفر صادق (ع) کی مناسبت سے جے ڈی سی فاؤنڈیشن کی جانب سے عظیم الشان بین المذاہب قومی میلاد مصطفیٰ (ص) کانفرنس اور چراغاں کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں شیعہ و سنی مسلمانوں نے شرکت کی، جبکہ غیر مسلم رہنماؤں نے بھی محسن انسانیت کے میلاد کے اس جشن میں شریک ہوکر پیغمبر اسلام (ص) کو خراج عقیدت پیش کیا۔

بریٹو روڈ نمائش چورنگی پر جے ڈی سی فاؤنڈیشن کے تحت میلاد مصطفی (ص) کانفرنس و چراغاں میں ہزاروں کی تعداد میں چراغ روشن کئے گئے جبکہ پروگرام میں ملک کی بڑی درگاہوں کے سجادہ نشین، شیعہ و سنی علماء کرام اور سیاسی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ میلاد مصطفی (ص) کانفرنس میں شرکاء کے لئے نذر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

میلاد کانفرنس میں سابق سینیٹر سید فیصل رضا عابدی، سابق ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار، ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر عامر خان، پی ایس پی رہنما وسیم آفتاب اور ڈاکٹر صغیر احمد، پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان، اینکرپرسن وسیم بادامی اور اویس ربانی، مفتی گلزار نعیمی، مفتی شہریار داؤد، مولانا جعفر الحسن تھانوی، مطلوب اعوان قادری، ہندو رہنما وجے لال مہاراج سمیت دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے شرکت کی۔

پروگرام کے آخر میں جے ڈی سی فاؤنڈیشن کے چیئرمین ظفر عباس نے عیدمیلادالنبی (ص) کی مبارک باد پیش کی اور تمام شرکاء سمیت مہمانان گرامی کا میلاد مصطفی (ص) کانفرنس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button