
کراچی: شہید ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی صاحبزادی کی آصفہ بھٹو سے ملاقات
ڈاکٹر ریحانہ سادات رئیسی نے ایرانی قیادت کی جانب سے پاکستان کی دوستی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستانی صدر مملکت آصف علی زرداری کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کے والد صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت کے بعد تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا تھا
شیعہ نیوز: پاکستانی خاتونِ اول اور رکن قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری سے سابق ایرانی صدر شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی صاحبزادی ڈاکٹر ریحانہ سادات رئیسی کی قیادت میں ایرانی وفد نے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے بلاول ہاؤس کراچی میں جمہوری اسلامی ایران کے اعلیٰ سطحی وفد کی میزبانی کی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور علاقائی تعاون کو گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ایرانی وفد کی قیادت سابق ایرانی صدر شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی صاحبزادی، ممتاز علمی شخصیت اور تہران یونیورسٹی کی استاد پروفیسر ڈاکٹر ریحانہ سادات رئیسی نے کی، ان کے ہمراہ کراچی میں ایرانی قونصل خانے کے سرپرست ڈاکٹر واحد اصغری، خانہ فرہنگ ایران کراچی کے ڈائریکٹر جنرل و ثقافتی اتاشی ایران قونصلیٹ ڈاکٹر سعید طالبی نیا، محترمہ صدیقہ، ڈاکٹر پریسا صفامنش اور مترجم محمد اسماعیل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور صوبہ سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فاضل پیچوھو بھی موجود تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کا اسرائیل پر مسلسل عدم اعتماد، مزید پروازیں ملتوی
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان صحت، ثقافت اور سفارتی تعاون جیسے شعبوں میں تعلقات بڑھانے سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تاریخی اور ثقافتی رشتوں کو اجاگر کرتے ہوئے ایران کے پاکستان کے ساتھ مستقل یکجہتی کو سراہا۔ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم ایران کی بے لوث حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام، ثقافتی ہم آہنگی اور مشترکہ خواہشات پر مبنی بھائی چارے کا رشتہ ہے۔
انہوں نے ایران کے صحت کے شعبے میں ترقی کو سراہتے ہوئے وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوھو کے ایرانی طبی مراکز کے دورہ جات کے بعد دیئے گئے مثالی جائزوں کا حوالہ بھی دیا۔ ڈاکٹر ریحانہ سادات رئیسی نے ایرانی قیادت کی جانب سے پاکستان کی دوستی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستانی صدر مملکت آصف علی زرداری کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کے والد صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت کے بعد تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔
ملاقات کے دوران شہید ایرانی صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کیلئے دعا مغفرت بھی کی گئی۔ ملاقات میں شہید صدر ابراہیم رئیسی کی قیادت، بہادری اور عوام کی خدمت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ پاکستانی خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے شہید صدر رئیسی کے پاکستان کے تاریخی دورے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ کے والد پاکستان آئے تھے تو عوام نے جس گرم جوشی اور محبت کا اظہار کیا، وہ ان کیلئے گہرے احترام کی عکاسی کرتا تھا، شہید کبھی نہیں مرتے، وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہتے ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امن، استحکام اور ترقی کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔