کراچی سے کالعدم تحریک طالبان کے چار مبینہ دہشت گرد گرفتار
شیعہ نیوز : کراچی میں حساس ادارے اور ویسٹ زون پولیس نے اہم کارروائی کرکے کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے چار مبینہ ہائی ٹیک دہشت گرد گرفتار کرلئے۔
حکام کے مطابق حساس ادارے اور ویسٹ زون پولیس نے کراچی کے علاقے بنارس میں مشترکہ کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے چار مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق چاروں دہشت گردوں کے پاس سے 60 کلوگرام دھماکہ خیز مواد، 60 میٹر ڈیٹونیٹنگ وائرز، 16 ڈیٹونیٹرز اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار تین مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان اور ایک کا بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے ہے، چاروں دہشت گرد افغانستان سے بلوچستان کے راستے کراچی پہنچے تھے، کراچی پہنچ کر کالعدم ٹی ٹی پی کے مبینہ دہشت گرد بنارس پر ایک سرائے میں مقیم تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کالعدم بی ایل اے کا مبینہ دہشت گرد بارودی مواد اور بم بنانے کا سامان لے کر پہنچا تھا، چاروں کو افغانستان میں دہشت گردی کی ٹریننگ دی گئی، ٹریننگ کے بعد انہیں کراچی میں دہشت گردی کا ٹاسک دے کر بھیجا گیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ مبینہ دہشت گردوں کو سماجی ویب سائٹ کی ایک آئی ڈی اور پاسپورڈ دیا گیا تھا، اسی آئی ڈی پر انہیں حملے کے لئے ٹارگٹ دیا جانا تھا۔
حکام کے مطابق کالعدم تحریک طالبان اور کالعدم بی ایل اے مل کر دہشت گردی کرنا چاہتے تھے، گرفتار مبینہ دہشت گرد میڈیا اور سوشل میڈیا کو خصوصی طور پر مانیٹر کرتے ہیں، ماضی میں بھی دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث ہیں۔