کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے دنیا بھر میں احتجاجی ریلیاں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے دنیا بھر میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں مسلسل کرفیو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف دنیا بھر کے بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور اقوام عالم کی خاموشی کی مذمت کی گئی۔
لندن میں سینٹ میری چرچ سے شروع ہونے والی ریلی میں مظاہرین نے بینرز اور کتبے اٹھائے ہوئے تھے۔ شرکا کشمیریوں پر مظالم کے خلاف، کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔
برمنگھم سٹی کونسل کے باہر بھی کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنےاور کرفیو لگانے پر غم وغصے کا اظہارکیا گیا۔
اس کے علاوہ ڈنمارک کے دوسرے بڑے شہر آروس میں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں بڑے پیمانے پر لوگوں نے شرکت کی۔
مظاہرین نے مختلف بینرز اور کتبے اُٹھائے ہوئے تھے جس میں نہتے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کی داستانیں لکھی ہوئی تھی۔ مظاہرین نے کشمیر میں کرفیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے یونائیٹڈ نیشنس اور دنیا سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد کشمیر میں عالمی امن فوج بھیجی جائے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ این جی او اور میڈیا کوکشمیر میں جانے کی اجازت دی جائے تاکہ انسانی جانوں کو بچایا جاسکے۔
ادھر ناروے میں بھی کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف ایک فقید المثال ریلی کا انعقاد کیا گیاجس میں خواتین سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
ریلی کا آغاز گرون لینڈ سے ہوا اور اختتام نارویجن پارلیمنٹ کے سامنے کیا گیا ۔
ہیوسٹن میں کشمیر ٹو خالصتان ریلی نکالی گئی جس کا آغاز گردوارے سے ہوا۔
آئرلینڈ کے شہر لمرک میں مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے کشمیر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیاسی سماجی تنظیموں کے علاوہ کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔