اسلام آباد، دسویں سالانہ خاتون جنتؑ کانفرنس کا انعقاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جماعت اہل حرم پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ دسویں سالانہ خاتون جنت کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں اتحاد امت و بین المسالک ہم آہنگی کو وقت کی ضرورت قرار دیا ہے کہ بین الاقوامی طور پر امت کو درپیش چیلنجز کا واحد حل امت کے اتحاد میں ہے۔ حجاب اسلامی شعائر اسلام سے ہے اور اسکا تحفظ ہر سطح پر ضروری ہے سیدہ کائنات کی زندگی وسیرت مبارکہ قیامت تک مشعل راہ ہے، نصاب تعلیم میں شامل کیا جائے۔
جامعہ نعیمیہ اسلام آباد میں کانفرنس کی صدارت سابق وفاقی وزیر پیر ڈاکٹر نور الحق قادری اور جماعت اہل حرم پاکستان کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی نے کی ۔ جبکہ کانفرنس سے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، خرم نواز گنڈا پور، زلفی بخاری، سید علی رضا بخاری، ڈاکٹر مسعود رضا الرفاعی، حنیف جلالپوری سمیت دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔
خاتون جنت کانفرنس میں مقررین نے کہا کہ دختررسول بی بی پاک سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیھا کی سیرت طیبہ ہمارے لیے نمونہ حیات ہے، اسلامی حجاب کو امت کی خواتین کا وقار، محافظ اور انکا حسن قرار دیا۔
پیر نور الحق قادری نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو حقیقی عزت سے نوازا ہے، اسلام نے عورت کی عزت کو بحال کیا ہے۔
مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا کہ اسلام میں خواتین کا بڑا رتبہ ہے، بی بی سیدہ کا اسوہ خواتین کے لیے نمونہ عمل ہے، ملک و قوم کے لیے ہمیں ملکر آگے بڑھنا ہے، فلسطینی اور کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں فلسطینیوں اور کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر عالمی برادری خاموش رہنے کے بجائے اپنا کردار ادا کرے۔
یہ خبر بھی پڑھیں لاہور، فاطمہ ؑ محافظہ اسلام کانفرنس کا انعقاد
کانفرنس میں مغرب اور اسلام مخالف قوتوں کے پھیلائے ہوئے اس پروپگنڈا کو مسترد کیا ہے کہ اسلام عورت کو کنیز بناتا ہے۔ انسانی معاشروں میں پھیلائی جانے والی عریانی و فحاشی نے عورت کے مقام کو کم کیا ہے۔
کانفرنس میں شرکاء نے وطن عزیز پاکستان کی بگڑتی سیاسی صورت حال اور مخدوش اقتصادی صورت حال پر بہت تشویش کا اظہار کیا۔ مقتدرہ قوتوں سے اپیل کی کہ وہ اس بگڑتی سیاسی و اقتصادی صورت کو درست کرنے کے لیے اپنا مثبت کردار اد کریں۔ دہشت گردی کی تازہ لہر پر بہت تشویش ظاہر کی گئی۔
شرکاء نےاداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گرد گروہوں اور لسانی گرہوں کو دوبارہ نہ پنپنے دیں، قائدین نے دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے جانیں قربان کرنے والے مجاہدین کو خراج عقیدت پیش کیا۔
کانفرنس کے شرکاء نے مسئلہ فلسطین کے حوالہ سے امت مسلمہ کی مجموعی رویہ پر اظہار افسوس کیا اور فلسطینی مظلوموں کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا حکومت و ریاست پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اکابرین پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ او ر علامہ محمد اقبال ؒ کے موقف پر کھڑئے رہنے پر زور دیا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور پاکستان کی بقاء کشمیر کے ساتھ وابستہ ہے۔ پوری پاکستانی قوم ہمیشہ اپنے کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی رہے گی۔