
ضاحیہ پر صہیونی حملہ، لبنانی وزارت خارجہ اور حزب اللہ کا سخت ردعمل
شیعہ نیوز: لبنانی وزارت خارجہ اور پارلیمنٹ میں مقاومتی بلاک کے نمائندے نے بیروت کے نواحی علاقے ضاحیہ پر صہیونی حملوں پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لبنانی پارلیمنٹ میں مقاومتی بلاک کے نمائندے ابراہیم الموسوی نے بیروت کے علاقے ضاحیہ پر صہیونی حکومت کے جارحانہ حملوں پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیل نے لبنان پر حملہ کرکے اس کی خودمختاری کو پامال کیا ہے۔ لبنانی حکومت کو چاہیے کہ وہ ان حملوں کی روک تھام کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں باضابطہ شکایت درج کرائے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران-امریکہ مذاکرات، برا معاہدہ ہونے سے نہ ہونا ہی بہتر ہے، نیتن یاہو
انہوں نے مزید کہا کہ مزاحمت کا اسلحہ لبنان کی طاقت کا ایک اہم ستون ہے جس پر کسی بھی طور پر مذاکرات یا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب لبنان کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے ضاحیہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق یہ حملے نہ صرف لبنان کی خودمختاری بلکہ علاقائی امن و سلامتی اور لبنان کی استحکام کی کوششوں کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
لبنانی وزارت خارجہ نے فائر بندی کے ضامن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر حملے روکنے کے لیے دباؤ ڈالیں۔
اس سے قبل لبنانی صدر جوزف عون نے بھی صہیونی حملوں پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے ضامن امریکہ اور فرانس کو اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے اسرائیل کو فوری طور پر حملے روکنے پر مجبور کرنا چاہیے۔
عون نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی اشتعال انگیزی سے خطے کی سیکورٹی اور امن کو حقیقی خطرات لاحق ہورہے ہیں۔