ہمیں محرم کی طرح عید غدیر پر بھی خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) محرم کی طرح عید غدیر پر بھی خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے، ہمیں غدیر کو عام کرنا ہے۔ ان خیالات کا ظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ’’تحفط حقوق تشیع کانفرنس و چہلم شہدائے پاراچنار‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایک روزہ ملتان کا دورہ کیا، دورہ ملتان کے دوران اُنہوں نے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے علماء کے وفود سے ملاقاتیں، مجلس مکتب علمائے اہلیبیت کے صوبائی شوریٰ کے اجلاس میں شرکت اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے زیراہتمام منعقدہ ”تحفط حقوق تشیع کانفرنس و چہلم شہدائے پاراچنار” میں خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ملتان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج عزاداروں، ماتمیوں، علمائے کرام، بانیان مجالس، منتظمین جلوس کو متحد ہونے کی زیادہ ضرورت ہے، جنوبی پنجاب کے دل ملتان میں شاندار کانفرنس کے انعقاد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
یہ خبر بھی پڑھیں شیعہ علماء واکابرین کی گورنرسندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات
انہوں نے کہا کہ آج اس کانفرنس میں علمائے کرام، ماتمی انجمنوں کے سالار، نوحہ خواں، منتظمین جلوس و مجالس، عزاداروں کی شرکت ایک خوبصورت گلدستہ ہے، ہمیں ولایت کا جام غدیر سے ملا ہے، ہمیں غدیر کو عام کرنا ہے، عید غدیر کو شایان شان طریقے سے منانے کی ضرورت ہے۔
ہمیں محرم کی طرح غدیر پر بھی خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے میں سمجھتا ہوں آہستہ آہستہ غدیری معاشرہ پر وان چڑھ رہا ہے، میری یہ دلی خواہش ہے کہ اس گلدستے کے سارے پھول ایک دوسرے کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ میری دلی خواہش اور آرزو تھی کہ میں ملت کے تمام طبقات کو متحد کرنے میں اپنا کردار ادا کروں، ماتمی، عزادار، نوحہ خواں، ذاکرین اور علمائے کرام کا آپس میں رابطہ ہو، ایک دوسرے کے دکھ درد کو سمجھیں۔