شیعہ علماء واکابرین کی گورنرسندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی سربراہی میں شیعہ علماء، تنظیمات اور اکابرین کا مشترکہ اجلاس گورنر ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں مرکزی تنظیم عزاداری، شیعہ علماء کونسل، مجلس وحدت مسلمین اور دیگرتنظیموں کے علماء واکابرین نے شرکت کی۔
وفد نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں عزاداری سید الشہداء ع میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا خصوصا گورنر سندھ سے بطور وفاقی نمائدہ وفاقی حکومت کے ماتحت نیپرا سے کے الیکٹرک کو ماہ محرم الحرام میں عشرہ مجالس و جلوس کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنی قرار دلوانے کا مطالبہ کیا،ساتھ ہی کشمور کندھ کوٹ گھوٹگی میں اغواء برائے تاوان کی بڑھتی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا، اس موقع پر گورنر سندھ نے سوئیڈن میں قرآن مجید کی توہین کے خلاف قرارداد مذمت پیش کی جس کی تمام شرکاء نے حمایت کا اعلان کیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں کراچی، ایم ڈبلیو ایم کا سوئیڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
کامران ٹیسوری نے گورنر ہاؤس کے دو حکام کو محرم الحرام میں 24/7 ہیلپ ڈیسک پر متعین کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ میں خود مختلف مجالس و جلوس میں شرکت کروں گا، گورنر ہاؤس ہر وقت عزاداروں کی خدمت کیلئے کھلا ہے، علامہ عقیل الغروی کا خود استقبال کروں گا اور انہیں گورنر ہاؤس میں خطاب کی دعوت بھی دوں گا، اس موقع شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ اسد اقبال زیدی ، مرکزی تنظیم عزاداری کے صدر ایس ایم نقی، ایم ڈبلیوایم کے رہنما علی حسین نقوی و دیگر علماء و اکابرین بھی موجود تھے۔