اہم پاکستانی خبریں

اہل بیتؑ سے محبت ایمان کا جزو ہے، علامہ رانا ادریس

شیعہ نیوز: نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ حب رسول ﷺ کا تقاضا یہ ہے کہ جس سے نبی اکرم ﷺ نے محبت کی ہم بھی اس سے محبت کریں۔ اللہ رب العزت کا شکر ہے کہ جس نے ہمیں اپنے محبوب کا امتی بنایا۔ اہلبیت اطہار سے محبت اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے محبت اور ایمان کا جزو ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حضور نبی اکرم ﷺ  کے بحر علم و معرفت سے جو جو علوم و معارف حضرت علی کرم اللہ وجہہ کو نصیب ہوئے وہ انہی کی شان ہیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ  کا فرمان ہے کہ ”میں علم کا شہر ہوں اور علی اس کا دروازہ ہیں“۔ خاندان نبوت کی عظمت تسلیم کرنا اور ان کی تعظیم کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ  نے فرمایا ”فاطمہ تمام جہانوں کی عورتوں کی سردار ہیں“۔

انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے جہاں حضرت علی کرم اللہ وجہہ اورا پنی نور نظر سیدہ فاطمۃ الزہراہ سلام اللہ علیہا کے مرتبے کا ذکر کیا تو وہیں ان دونوں کی اولادوں حسنین کریمین کے درجات کی نوید بھی سنائی ہے۔یہ وہ نفوس قدسیہ ہیں جن کیلئے امام الانبیا ﷺ اپنے سجدے طویل کر دیا کرتے تھے۔حضور ﷺ کا فرمان ہے کہ حسن اور حسین تمام جنتی جوانوں کے سردار ہیں۔اہل بیت کے نفوس قدسیہ ہمارے سروں کا تاج ہیں ہمیں ان کی محبت کو جزو ایمان سمجھنا چاہیے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button